بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 11.8°C
Friday, 27 November 2026 | پاکستان: 19 جمادی الثانی 1448

سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کا سخاکوٹ اور درگئی کی فیکٹریوں کا معائنہ

Friday, 27 November, 2026

​سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کے کنوینئر سینٹر سیف اللہ ابڑو اور سینٹر طلحہ محمود،سینٹر عمر فارق نے سخاکوٹ اور درگئی کے صنعتی یونٹس کا دورہ کیا اور فیکٹریوں کو 1120 ارب روپے کے حام مال میں چار سو ارب رقپے ٹیکس چوری اور سنگین بے ضابطگیوں کے حوالے سے زمینی حقائق کا جائزہ لیا
​مالاکنڈ / اسلام آباد (27 نومبر 2026):
سینٹ کی ذیلی کمیٹی کے کنوینئر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بشمول سینیٹر طلحہ محمود اور سینیٹر عمر فاروق نے ایف آئی اے اور ایف بی ار حکام کیساتھ سخاکوٹ اور درگئی میں واقع مختلف صنعتی یونٹس، خصوصاً گھی ملوں،اسٹیل ملز اور چائے کے کارخانوں کا ہنگامی دورہ اور معائنہ کیا۔ یہ دورہ فاٹا اور پاٹا (ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں) کی اسکیم (2018 تا
2026) کے تحت درآمد کیے جانے والے خام مال میں مبینہ طور پر 400 ارب روپے کی خطیر ٹیکس چوری کی تحقیقات کے سلسلے میں کیا گیا۔


​معائنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینٹ کے ذیلی کمیٹی کے کنوینئر سیف اللہ ابڑو نے انکشاف کیا کہ ٹیکس استثنیٰ کے نام پر ملک کے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے اور اس تمام معاملے میں ایف بی آر کے اعلیٰ افسران کی مجرمانہ غفلت اور ملی بھگت سامنے آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1120 ارب روپے مالیت کے درآمد شدہ خام مال میں سے صرف 389 ارب روپے کا ریکارڈ مل سکا ہے، جس کے عوض ایف بی آر نے 85 ارب روپے کے پے آرڈرز ریلیز کیے، جبکہ 731 ارب روپے مالیت کے مٹیریل کا کوئی ریکارڈ ایف بی آر کے پاس موجود ہی نہیں ہے۔
​سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے مزید کہا کہ جن فیکٹریوں کا ماہانہ کوٹہ 4 ہزار سے 5 ہزار ٹن (تقریباً 50 لاکھ کلوگرام) ہے، وہاں موقع پر دو ٹرکوں کا مال بھی موجود نہیں تھا۔ کمیٹی کے دورے سے قبل محض دکھاوے کے لیے چند ڈبے سجا کر رکھے گئے تھے اور مشینیں عین وقت پر چلائی گئیں۔ قانون (ایس آر او 2021) کے مطابق ایف بی آر کو کنزمپشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے قبل فیکٹری کی پیداواری صلاحیت اور خریدار کے بینک ریکارڈ کی تصدیق کرنی ہوتی ہے، جو بالکل نہیں کی گئی اور کراس چیکنگ کے بغیر جعلی کمپنیوں کے نام پر ٹیکس چھوٹ حاصل کر کے مال ملک کے دیگر شہروں میں فروخت کیا گیا۔
​انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے دورے سے قبل ایف بی آر چیئرمین نے دو افسران کمشنر فوزیہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہارون خٹک کو معطل کیا ہے، تاہم یہ نچلے درجے کے افسران ہیں اور اصل ذمہ داران بشمول چیف کمشنر تقی قریشی، ممبر آپریشنز زبیر بلال، چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری فنانس کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔ کمیٹی نے ایف آئی اے کو ملوث افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔
​سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے اس بات پر شدید افسوس کا اظہار کیا کہ اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ایف بی آر کے چار اعلیٰ افسران کو حکومت نے ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کمیٹی وزیراعظم پاکستان کو باضابطہ خط لکھ کر ان چاروں افسران کے اعزازات فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرے گی۔ علاوہ ازیں، معائنے کے دوران یہ بھی دیکھا گیا کہ فیکٹریوں میں انتہائی ناقص اور غیر معیاری گھی تیار کیا جا رہا تھا، جس پر کمیٹی نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔


​آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے واضح کیا کہ کمیٹی اس میگا اسکینڈل کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں چیئرمین ایف بی آر کو طلب کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی خزانے سے لوٹے گئے سینکڑوں ارب روپے کے ٹیکس واپس لینے تک ہم چھین سے نہیں بیٹھیں گے کرپٹ ایف بی ار افسران اور فیکٹری مالکان سے ٹیکس چوری کے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *