بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 10.6°C
Tuesday, 24 November 2026 | پاکستان: 15 جمادی الثانی 1448

ضلع باغ میں انتشار کا بیانیہ دفن۔ ریاستی رٹ بحال

Tuesday, 24 November, 2026

یہ امر خصوصی توجہ کا حامل ہے کہ ضلع باغ کے علاقے کوٹھیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مؤثر کلیئرنس آپریشن نے غیر قانونی دھرنا ختم، شاہراہیں بحال اور شہری زندگی کو دوبارہ رواں کر دیا ہے۔ جس جتھے نے عوامی راستے بند کرکے معمولاتِ زندگی مفلوج بنانے کی کوشش کی، اسے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔مبصرین کے مطابق یہ محض ایک سڑک کھلوانے کی کارروائی نہیں بلکہ ریاستی رٹ اور قانون کی عملداری کی واضح فتح ہے۔یاد رہے کہ کوٹھیوں میں پیدا کیا گیا بحران عوامی مفاد کے نام پر عوام ہی کے لیے مشکلات کا سبب بن رہا تھا۔ شاہراہوں کی بندش سے مسافر، مریض، طلبہ، ملازمین اور تاجر براہِ راست متاثر ہوئے۔ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی، کاروباری سرگرمیاں رکیں اور شہریوں کی نقل و حرکت محدود ہوئی۔ سوال یہ ہے کہ اگر کسی سرگرمی کا نتیجہ عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو تو اسے عوامی خدمت کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟۔ریاستی اداروں کی کارروائی کے بعد یہی صورتحال تبدیل ہوئی اور عام شہری کے لیے یہی اصل ریلیف ہے۔واضح رہے کہ لوگوں کو نعروں سے زیادہ محفوظ راستہ، کھلا بازار، فعال اسکول اور معمول کی زندگی درکار ہے۔مبصرین کے بقول انتشار پھیلانے والے عناصر نے شاید یہ سمجھا تھا کہ چند شاہراہیں بند کرکے پورے علاقے کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے، لیکن یہ منصوبہ بری طرح ناکام ہوا کیوں عوامی راستے کسی جتھے کی جاگیر نہیں اور شہری زندگی کسی گروہ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑی جا سکتی۔کسے معلوم نہیں کہ پُرامن احتجاج شہری کا جمہوری حق ہے، مگر اس حق کی آڑ میں غیر قانونی رکاوٹیں کھڑی کرنا، آمدورفت روکنا، تعلیمی سرگرمیاں متاثر کرنا یا ریاستی نظم و نسق کو مفلوج کرنا جمہوری حق نہیں۔ اختلاف اور احتجاج قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جا سکتا ہے لیکن قانون شکنی کو احتجاج کا نام دے کر قابلِ قبول نہیں بنایا جا سکتا۔اس تما م صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مبصرین کا کہنا ہے کہ کوٹھیوں کے واقعات کے بعد یہ دعویٰ بھی بے بنیاد ثابت ہوا کہ آزاد کشمیر میں ہر طرف بدامنی پھیلی ہوئی ہے۔ مظفرآباد، وادی نیلم، وادی لیپہ، میرپور اور بھمبر سمیت دیگر علاقوں میں معمولاتِ زندگی برقرار ہیں۔ بازار فعال ہیں، کاروبار جاری ہے اور شہری اپنے روزمرہ امور انجام دے رہے ہیں۔لہذا چند مقامات پر پیدا کی گئی رکاوٹوں کو پوری ریاست کا بحران بنا کر پیش کرنا زمینی حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔راولاکوٹ میں بھی 6 نومبر کو روڈ کلیئرنس کے بعد شہریوں کی جانب سے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جانا اور بازاروں کی رونق بحال ہونا اہم پیغام رکھتا ہے۔ اگر سڑکیں کھلنے اور کاروبار بحال ہونے پر شہری اطمینان کا اظہار کریں تو یہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ عام آدمی مستقل تصادم نہیں بلکہ امن اور معمول کی زندگی چاہتا ہے۔کوٹھیوں میں پاک فوج کے حق میں عوامی نعرے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے جذباتی اظہار نے بھی ایک واضح حقیقت سامنے رکھی ہے کہ عوام کے جذبات کو چند گروہوں کے سیاسی بیانیے تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔عوام کسی جتھے کی ملکیت نہیں اور کسی گروہ کو پوری آبادی کی نمائندگی کا خود ساختہ اختیار حاصل نہیں۔اسی ضمن میںمیڈیکل کیمپ کے ذریعے شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی بھی اس امر کی عکاس ہے کہ ریاستی ادارے مشکل صورتحال میں عوامی سہولت اور تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک طرف راستے بند کرکے مشکلات بڑھائی گئیں، دوسری طرف ریاستی اداروں نے شہریوں کیلئے سہولت کا راستہ کھولا۔کسے معلوم نہیں کہ اب اصل فیصلہ نعروں کا نہیں بلکہ زمینی حقائق کا ہے اور آزاد کشمیر کے عوام کو دھرنے، بند راستے اور مسلسل تصادم نہیں چاہیے۔ انہیں روزگار، تعلیم، علاج، کاروبار اور محفوظ آمدورفت چاہیے۔ جو سیاست ان بنیادی ضروریات کو متاثر کرے گی، وہ خواہ عوامی مفاد کا کتنا ہی دعویٰ کرے، اپنے عمل سے عوامی مفاد کے خلاف کھڑی نظر آئے گی۔سبھی کو واضح رہنا ہوگا کہ جائز مطالبات مذاکرات اور قانونی فورمز پر سنے جا سکتے ہیں، لیکن ریاستی رٹ، شہریوں کے بنیادی حقوق اور قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے کیوں کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی جتھے کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی مرضی سے شاہراہیں بند کرے اور شہری زندگی کو یرغمال بنائے۔کوٹھیوں میں نتیجہ سب کے سامنے ہے یعنی دھرنا ختم، شاہراہیں بحال، معمولاتِ زندگی رواں اور انتشار کا منصوبہ ناکام۔ یہی وہ فرق ہے جو عوام کو سمجھنا ہوگا۔ مسائل کا حل تصادم میں نہیں، قانون کے دائرے میں ہے اور ترقی کا راستہ انتشار سے نہیں، امن اور استحکام سے نکلتا ہے۔یہ کوئی راز کی بات نہیں کہ آزاد کشمیر کے عوام کو فساد نہیں، امن چاہیے؛ سڑکوں کی بندش نہیں، آزادانہ آمدورفت چاہیے؛ تصادم نہیں، تعلیم، روزگار اور ترقی چاہیے۔ کوٹھیوں کی صورتحال نے واضح کر دیا ہے کہ عوام کو یرغمال بنا کر کوئی انتشار پسند بیانیہ زیادہ دیر زندہ نہیں رہ سکتا۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *