پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی تاریخ تلخیوں، جنگوں، بداعتمادی اور سخت کشیدگی سے عبارت ہے۔ دونوں ممالک نے قیامِ پاکستان کے بعد سے دہائیاں ایک دوسرے کے خلاف سیاسی اور سفارتی محاذ آرائی میں گزار دی ہیں۔ کبھی سرحدوں پر کشیدگی، کبھی کشمیر کے حل طلب تنازعے کبھی دہشت گردی کے الزامات اور کبھی جنگوں نے خطے کے امن کو نہ صرف متاثر کیا بلکہ دونوں ملکوں کی عوام میں قدریں مشترک ہونے کے باوجود ہمیشہ دوریاں بڑھتی رہیں۔ لیکن اس تمام تاریخ کے باوجود ایک حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ پاکستان اور بھارت جغرافیائی ہمسائے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے تاریخی، ثقافتی، مذہبی، لسانی اور خاندانی رشتے صدیوں پر محیط ہیں۔ایسے حالات میں پاکستان کے وفاقی وزیر مصدق ملک کا دور بھارت ایک اہم سفارتی پیش رفت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ اگرچہ یہ دورہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کے سلسلے میں تھا، لیکن اس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان محدود سفارتی رابطوں کی اہمیت کو ایک مرتبہ پھر اجاگر کیا ہے۔اس دورے کی اہمیت صرف اس بات میں نہیں کہ ایک پاکستانی وزیر بھارتی سرزمین پر موجود تھا بلکہ اصل اہمیت اس پیغام میں ہے کہ شدید سیاسی اختلافات کے باوجود رابطے اور مکالمے کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ بھارتی ٹیلی ویژن چینلز اور اخبارات نے مصدق ملک کی آمد، بیانات اور مختلف سرگرمیوں کو نمایاں طور پر کوریج دی۔ حسبِ روایت بعض میڈیا حلقوں نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو دہشت گردی، سکیورٹی اور سیاسی اختلافات کے تناظر میں پیش کیا بلکہ سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جبکہ بعض نے تعلقات میں بہتری اور سفارتی رابطوں کے امکانات اور ضرورت کو اجاگر کیا ۔مصدق ملک نے بھارتی صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نسبتا متوازن، مثبت اور محتاط انداز اختیار کیا۔ انہوں نے خطے میں امن، تہذیبی روابط اور مکالمے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا یہ رویہ اس لحاظ سے اہم تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تلخیوں کے ماحول میں کسی بھی پاکستانی نمائندے کے لیے بھارتی میڈیا کے سوالات کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوتا۔یہ بھی حقیقت ہے کہ بھارتی میڈیا کا ایک بڑا حصہ پاکستان کے حوالے سے سخت بلکہ زہر افشانی پر مبنی مقف رکھتا ہے تاہم بھارتی میڈیا یکساں سوچ کا حامل نہیں۔ اس میں ایسے صحافی اور تجزیہ کار بھی موجود ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اور تعلقات کی بحالی کے حامی ہیں۔میڈیا کی ذمہ داری یہ ہونی چاہیے کہ وہ نفرت اور اشتعال انگیزی کو فروغ دینے کے بجائے حقائق، مکالمے اور امن کے امکانات کو جگہ دے۔ ہم پاکستان کے میڈیا کو بھی اسی اصول کی پیروی کرنی چاہیے۔مصدق ملک دورے کے دوران کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ان کا مثبت اور محتاط انداز قابلِ توجہ رہا۔ انہوں نے بھارت میں موجودگی کو محض ایک رسمی سرکاری دورے تک محدود رکھنے کے بجائے تہذیبی ہم آہنگی اور علاقائی تعاون کا پیغام دینے کی کوشش کی۔ان کے بیانات میں یہ احساس نمایاں تھا کہ جنوبی ایشیا کے ممالک کو اپنے مشترکہ تاریخی اور تہذیبی ورثے کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے۔ تاج محل اور حضرت نظام الدین اولیا کے مزار پر حاضری کی خواہش بھی اسی تاریخی اور ثقافتی وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔ ان مقامات کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں نے بھی اس دورے کو میڈیا میں موضوعِ بحث بنائے رکھا۔تاہم کسی ایک دورے کو پاکستان بھارت تعلقات میں بڑی تبدیلی قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ اس کی اصل کامیابی اس وقت سامنے آئے گی جب دونوں ممالک اس محدود رابطے کو مستقل سفارتی، ثقافتی اور عوامی روابط میں تبدیل کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں گے ۔ میرا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان نفرت اور بداعتمادی کو ختم کرنے کیلئے سب سے پہلے ایک دوسرے کو سمجھنے اور سننے کی ضرورت ہے۔ اس کا بہترین ذریعہ وفود کے تبادلے ہیں۔اگر پاکستانی سیاستدان، صحافی، دانشور، کاروباری شخصیات، فنکار اور طلبہ بھارت کا دورہ کریں اور اسی طرح بھارتی وفود پاکستان آئیں تو دونوں معاشروں کو ایک دوسرے کے حقیقی حالات اور عوامی جذبات سمجھنے کا موقع ملے گا۔ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کسی بھی ملک کے بارے میں رائے صرف ٹیلی ویژن کی بحثوں، سیاسی بیانات یا سوشل میڈیا کی پوسٹوں سے قائم نہیں کی جاسکتی۔ جب ایک بھارتی صحافی پاکستان آکر یہاں کے لوگوں سے ملے گا لاہور، اسلام آباد، کراچی اور مظفرآباد کی زندگی دیکھے گا تو اس کے سامنے پاکستان کی ایک مختلف تصویر بھی آئے گی۔ جیسا کہ پروین سایانی اسی طرح جب پاکستانی صحافی اور دانشور بھارت جائیں گے تو انہیں بھی وہاں کے معاشرے، عوام اور مختلف نقط نظر کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک پارلیمانی وفود، صحافیوں، دانشوروں، مذہبی رہنماں، تاجروں اور ثقافتی شخصیات کے تبادلوں کا سلسلہ شروع کریں۔ مذہبی زیارتوں میں سہولتیں فراہم کی جائیں، طلبہ کے تعلیمی روابط بحال ہوں اور کھیلوں خصوصا کرکٹ کے مقابلوں کو سیاسی کشیدگی سے حتی الامکان الگ رکھا جائے۔ ہندوستان کی حکومت پنجاب کے وزیر اعلی کو پاکستان آنے کی اجازت دے تاکہ وہ کرتارپور اور دیگر پاکستانی پنجاب کا دورہ کریں ۔یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعات موجود ہیں۔ مسئلہ کشمیر ان میں سب سے اہم ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی، پانی، سرحدی سلامتی اور دیگر معاملات پر بھی اختلافات شدید ہیں ان مسائل کو نظرانداز کرکے تعلقات کی مکمل بحالی ممکن نہیں لیکن اعتماد سازی کے اقدامات سے بات چیت اور مزاکرات کاآغاز ہوسکتا ہے ۔ماضی جنرل پرویز مشرف مرحوم اور اٹل بہاری واجپائی نے سی بی ایم شروع کئے تھے۔ خاموشی، پابندیاں اور سفارتی رابطوں کا خاتمہ کسی تنازع کو حل نہیں کرسکتا ہے۔تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ دنیا کے کئی ایسے ممالک جن کے درمیان جنگیں ہوئیں شدید اختلافات رہے اور ہزاروں جانیں ضائع ہوئیں انہوں نے بالآخر مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تعلقات بہتر بنائے۔ یورپ کی تاریخ اس کی ایک بڑی مثال ہے۔ فرانس اور جرمنی کبھی ایک دوسرے کے خلاف جنگوں میں مصروف تھے، لیکن آج دونوں یورپی تعاون کے اہم ستون ہیں۔ یوکرائن اور روس کے درمیان پانچ سال سے جنگ جاری ہے وہ بھی اب مزاکرات کی میز پر امارات میں ایک جگہ بیٹھ کر جنگ بندی معاہدے کی کوششیں کررہے ہیں پاکستان اور بھارت بھی اپنے اختلافات کو برقرار رکھتے ہوئے مذاکرات، تجارت، ثقافت اور عوامی رابطوں کے ذریعے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ اس کیلئے سیاسی عزم اور باہمی اعتماد کی ضرورت ہے۔پاکستان اور بھارت کی مجموعی آبادی ڈیڑھ ارب سے زیادہ ہے۔ جبکہ افریقہ کے بعد سب سے زیادہ غربت بھی اسی خطے میں ہے۔جبکہ یہ خطہ بے روزگاری، ماحولیاتی تبدیلی ، تعلیم، صحت اور معاشی مشکلات جیسے بڑے مسائل سے دوچار ہے۔ اگر دونوں ممالک اپنے وسائل کا بڑا حصہ ایک دوسرے کے خلاف دفاعی تیاریوں اور محاذ آرائی کے بجائے عوامی فلاح، تعلیم، صحت، تجارت اور ترقی پر خرچ کریں تو پورا خطہ فائدہ اٹھا سکتا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی بحالی سے کاروباری طبقے، صنعت کاروں، کسانوں اور عام شہریوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ زمینی راستوں اور علاقائی روابط کی بہتری سے وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے درمیان تجارت کے نئے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔ یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں۔ کسی بھی فوجی تصادم کے نتائج صرف دونوں ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے خطے اور دنیا کو متاثر کرسکتے ہیں۔ اس لیے امن کی کوشش محض سیاسی ضرورت نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کے مستقبل کا سوال ہے۔مصدق ملک کا دور بھارت ایک موقع ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس موقع کو ضائع نہ کیا جائے۔ بھارت کو بھی پاکستانی وفود کے دوروں کے لیے مثبت رویہ اختیار کرنا چاہیے اور پاکستان کو بھی بھارتی وفود کے استقبال اور روابط کے فروغ میں عملی پیشرفت کرنی چاہیے۔صحافی ایک دوسرے کے ممالک میں جائیں، پارلیمنٹیرینز ملاقاتیں کریں، دانشور مکالمہ کریں، طلبہ ایک دوسرے کے تعلیمی اداروں کا دورہ کریں اور فنکار دونوں ملکوں کی مشترکہ ثقافت کو اجاگر کریں۔ یہ چھوٹے اقدامات مستقبل میں بڑے سفارتی راستے کھول سکتے ہیں۔آخر میں سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان اور بھارت آنیوالی نسلوں کو بھی نفرت، کشیدگی اور جنگ کے خدشات ورثے میں دیں گے یا ایک ایسا خطہ بنانے کی کوشش کریں گے جہاں اختلافات کے باوجود امن اور بقائے باہمی ممکن ہو؟میرا واضح موقف ہے کہ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے چاہئیں۔ کشمیر سمیت تمام بنیادی تنازعات پر سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات ہونے چاہئیں لیکن مذاکرات کیلئے پہلے رابطے ضروری ہیں اور رابطوں کیلئے اعتماد پیدا کرنا ہوگا۔سرحدیں اپنی جگہ، اختلافات اپنی جگہ لیکن مکالمے کے دروازے کبھی بند نہیں ہونے چاہئیں۔مصدق ملک کا دور بھارت اسی سوچ کو آگے بڑھانے کا ایک موقع ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت اس موقع سے کس حد تک فائدہ اٹھاتی ہے۔ جنوبی ایشیا کا مستقبل محاذ آرائی میں نہیں بلکہ امن، تعاون، تجارت اور عوامی روابط میں پوشیدہ ہے۔





تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں