بین الاقوامی سیاست میں کسی بھی ملک کا مقام صرف اس کی عسکری یا معاشی طاقت سے متعین نہیں ہوتا بلکہ موثر سفارت کاری، متوازن خارجہ پالیسی اور عالمی برادری کے ساتھ مثبت تعلقات بھی اس کی شناخت کو مضبوط بناتے ہیں۔حالیہ عرصے میں پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں پر عالمی ذرائع ابلاغ کی توجہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کو نئی سمت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی حکمت عملی اور علاقائی روابط کو عالمی سطح پر خاص اہمیت دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کا کردار بین الاقوامی سیاست میں زیادہ نمایاں ہو رہا ہے۔پاکستان ایک ایسے خطے میں واقع ہے جہاں عالمی طاقتوں کے مفادات، علاقائی تنازعات اور اقتصادی راہداریوں کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایسے حالات میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کا ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہونا نہایت ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان نے اپنے ہمسایہ ممالک، خلیجی ریاستوں، وسطی ایشیا، چین، ترکی، آذربائیجان اور دیگر دوست ممالک کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی ہے۔ اس سفارتی سرگرمی کا مقصد صرف سیاسی روابط کو فروغ دینا نہیں بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی امن اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا بھی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں قومی سلامتی کے تصور کو صرف دفاعی نقطہ نظر تک محدود رکھنے کے بجائے اسے معاشی استحکام، علاقائی تعاون اور بین الاقوامی شراکت داری سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں توازن، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس حکمت عملی نے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ملک ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستی ہمیشہ دونوں ممالک کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون رہی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی علامت ہے بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی کے لیے بھی ایک اہم منصوبہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے امن و امان اور سفارتی ہم آہنگی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اسی طرح خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات میں بھی مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، جہاں سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔علاقائی سفارت کاری میں افغانستان ایک نہایت اہم پہلو ہے۔
پاکستان مسلسل اس بات پر زور دیتا رہا ہے کہ افغانستان میں امن اور استحکام پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان نے مذاکرات اور تعاون پر مبنی پالیسی کو اہمیت دی ہے تاکہ اختلافات کے باوجود رابطے کا سلسلہ جاری رہے۔جنوبی ایشیا میں امن کا قیام بھی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم مقصد رہا ہے۔ پاکستان بارہا اس بات کا اظہار کر چکا ہے کہ خطے کے تمام مسائل کو بات چیت، سفارت کاری اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ امن کا ماحول نہ صرف عوام کے مفاد میں ہے بلکہ اس سے تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی ترقی کے مواقع بھی بڑھتے ہیں۔آج کی دنیا میں سفارت کاری صرف سیاسی ملاقاتوں تک محدود نہیں رہی بلکہ معاشی سفارت کاری، دفاعی تعاون، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور علاقائی روابط بھی خارجہ پالیسی کے اہم عناصر بن چکے ہیں۔ پاکستان انہی شعبوں میں اپنے تعلقات کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دینا اسی وژن کا حصہ ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی جانب سے پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں پر توجہ اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ دنیا پاکستان کے کردار کو نئے زاویے سے دیکھ رہی ہے۔ عالمی سطح پر مثبت تاثر اس وقت مزید مضبوط ہوتا ہے جب ایک ملک داخلی استحکام، اقتصادی اصلاحات اور موثر خارجہ پالیسی کو یکجا کر کے آگے بڑھتا ہے۔ پاکستان بھی اسی سمت میں پیش رفت کی کوشش کر رہا ہے۔اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ پاکستان کو دہشت گردی، معاشی دبا، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی کشیدگی جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ تاہم ان مسائل سے نمٹنے کیلئے فعال سفارت کاری، مضبوط ادارے اور قومی یکجہتی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ عالمی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون ان چیلنجز پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔پاکستان کی نوجوان آبادی، جغرافیائی اہمیت، قدرتی وسائل اور تزویراتی محل وقوع اسے عالمی سیاست میں ایک منفرد مقام عطا کرتے ہیں۔ اگر سفارتی روابط، معاشی اصلاحات اور علاقائی تعاون کا موجودہ سفر اسی تسلسل سے جاری رہا تو پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی زیادہ موثر کردار ادا کر سکتا ہے۔قومی ترقی کا سفر ہمیشہ اجتماعی کاوشوں سے آگے بڑھتا ہے۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں