لاہور: پنجاب کے دارالحکومت کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں قائم مسلم لیگ ن کے مرکزی پارٹی سیکریٹریٹ پر نامعلوم افراد نے دھاوا بول کر مرکزی دروازے کو نذر آتش کردیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن پر نامعلوم افراد کا حملہ، گیٹ کو آگ لگا دی۔پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر رانا ارشد نے الزام عائد کیا کہ پارٹی سیکریٹریٹ پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے حملہ کیا، پنجاب حکومت اور لاہور انتظامیہ سوئی ہوئی ہے اگر وہ کچھ نہیں کرسکتی تو عہدوں سے استعفیٰ دے دیں۔واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پارٹی قیادت کی کال پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے ملک کے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے، جس کے دوران پُرتشدد اور املاک کو آگ لگانے واقعات پیش آئے۔کراچی میں شارع فیصل پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے پُرتشدد احتجاج کے دوران سرکاری ادارے کے پانی کے ٹینکر، قیدیوں کی وین، پولیس چوکیوں اور پیپلزبس کو نذر آتش کیا جبکہ پنجاب اور پختونخوا کے مختلف علاقوں میں درختوں کے جلانے کے واقعات بھی پیش آئے۔





