یہ کوئی راز کی بات نہیں کہ آج کی دنیا میں اطلاعات کی جنگ روایتی جنگوں سے کہیں زیادہ مؤثر ہو چکی ہے۔ کسی بھی ملک کی ساکھ کو متاثر کرنے کے لیے بعض اوقات چند واقعات کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ زمینی حقائق، عدالتی فیصلے اور قانونی تقاضے پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ پاکستان بھی کئی برسوں سے ایسے پروپیگنڈے کا سامنا کر رہا ہے، خصوصاً مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے۔ ماریہ شہباز کیس بھی انہی معاملات میں سے ایک ہے، جسے بعض بین الاقوامی حلقوں نے پاکستان کے خلاف بطور مثال پیش کیا، حالانکہ اس مقدمے میں پاکستانی عدالتیں اپنا واضح فیصلہ دے چکی ہیں۔مبصرین کے مطابق کسی بھی ریاست کا اصل امتحان یہ نہیں ہوتا کہ اس پر الزامات لگتے ہیں یا نہیں، بلکہ یہ ہوتا ہے کہ وہ ان الزامات سے کیسے نمٹتی ہے۔ ماریا شہباز کیس میں بھی ریاستی اداروں نے قانون کے مطابق کارروائی کی۔ والدہ کی درخواست پر پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کیا، تحقیقات شروع کیں اور معاملے کو عدالت کے سامنے پیش کیا۔ اگر ریاست جانبدار ہوتی تو شاید مقدمہ ہی درج نہ کیا جاتا، لیکن یہاں قانونی تقاضے پورے کیے گئے اور عدالت کو فیصلہ کرنے کا مکمل موقع دیا گیا۔یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ بعد ازاں ماریا شہباز اور محمد نقاش ازخود عدالت میں پیش ہوئے۔ لاہور ہائی کورٹ نے تمام دستیاب شواہد، بیانات اور میڈیکو لیگل ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ ماریا شہباز بالغ ہیں، انہوں نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا اور اپنی آزاد مرضی سے شادی کی۔ عدالت نے مقدمہ خارج کرتے ہوئے انہیں قانون کے مطابق اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کی اجازت دی ۔یہ امر قابل توجہ ہے کہ کسی بھی آئینی ریاست میں عدالتی فیصلہ ہی قانونی حیثیت رکھتا ہے، نہ کہ سیاسی بیانات یا بین الاقوامی دباؤ۔اسی تناظر میں بعض یورپی حلقوں کی جانب سے اس مقدمے کو جبری تبدیلی مذہب کی مثال قرار دینا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ اگر ایک آزاد عدالت، پولیس تحقیقات اور عدالتی ریکارڈ کسی نتیجے پر پہنچ چکے ہوں تو صرف قیاس آرائیوں کی بنیاد پر کسی ملک کے خلاف قراردادیں منظور کرنا انصاف کے عالمی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔سفارتی ماہرین کے بقول بدقسمتی سے بعض بین الاقوامی لابیاں مخصوص واقعات کو پاکستان کی مجموعی تصویر بنا کر پیش کرتی ہیں، جبکہ ایسے مقدمات میں عدالتی فیصلوں اور ریاستی مؤقف کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی جو دی جانی چاہیے۔ یہی طرزِ عمل غیرجانبدارانہ احتساب کے بجائے سیاسی بیانیے کو تقویت دیتا ہے۔یہ امر خصوصی توجہ کا حامل ہے کہ پاکستان کا آئین مذہبی آزادی کو بنیادی حق قرار دیتا ہے۔ آئین کا آرٹیکل 20 ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے، اس کی تبلیغ کرنے اور اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کرنے کا حق دیتا ہے، جبکہ آرٹیکل 35 خاندان اور شادی کے ادارے کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ یہی آئینی اصول پاکستانی عدالتوں کی رہنمائی کرتے ہیں، اور اسی بنیاد پر متعدد مقدمات میں بالغ افراد کی آزادانہ مرضی کو قانونی اہمیت دی گئی ہے۔پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے صرف آئینی ضمانتیں ہی موجود نہیں بلکہ عملی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں، سرکاری ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ، قومی کمیشن برائے اقلیتیں، بین المذاہب ہم آہنگی کے پروگرام، اقلیتی طلبہ کیلئے وظائف، مذہبی تہواروں پر سرکاری تعطیلات، عبادت گاہوں کی حفاظت اور مذہبی سیاحت کے فروغ جیسے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست مختلف مذہبی برادریوں کو قومی دھارے میں شامل رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔اسی تناظر میں کرتارپور راہداری کا قیام، گوردواروں اور مندروں کی بحالی، سکھ اور ہندو یاتریوں کیلئے سہولیات، اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ کے اقدامات بھی پاکستان کے مثبت تشخص کی عکاسی کرتے ہیں۔ اگرچہ ملک کو مذہبی ہم آہنگی اور انتہاپسندی جیسے چیلنجز درپیش ہیں، لیکن ان چیلنجز کا وجود اس حقیقت کو ختم نہیں کرتا کہ ریاستی سطح پر اصلاحات اور قانونی تحفظ کیلئے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔مبصرین کے مطابق کسی بھی ملک کا نظام چند انفرادی واقعات سے نہیں بلکہ اس کے آئین ، عدالتوں اور اداروں کی مجموعی کارکردگی سے جانچا جاتا ہے۔ اگر کسی مقدمے میں عدالت شواہد کی بنیاد پر فیصلہ دے چکی ہو تو اس فیصلے کو محض سیاسی مہمات کی بنیاد پر مسترد کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ اختلافِ رائے ہر شخص کا حق ہے لیکن اختلاف کی بنیاد بھی حقائق اور قانون ہونے چاہئیں۔ماریا شہباز کیس کو اگر قانونی اور عدالتی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ واضح ہوتا ہے کہ ریاست نے مقدمہ درج کیا، تحقیقات کیں، عدالت نے شواہد کا جائزہ لیا اور قانون کے مطابق فیصلہ صادر کیا۔ ایسے میں پاکستان کے بارے میں کوئی بھی رائے قائم کرتے وقت ضروری ہے کہ جذبات یا سیاسی مفادات کے بجائے آئینی اصولوں، عدالتی فیصلوں اور مصدقہ حقائق کو بنیاد بنایا جائے۔ یہی انصاف کا تقاضا ہے اور یہی کسی بھی ذمہ دار عالمی مکالمے کی بنیاد ہونی چاہیے۔یہ کوئی راز کی بات نہیں کہ انسانی حقوق کا تحفظ ضرور ہونا چاہیے لیکن اس کیلئے حقائق اور شواہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں