پاکستان اس وقت اپنی معاشی تاریخ کے ایک اہم اور نازک دور سے گزر رہا ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران ملکی معیشت کو جن مشکلات، بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، ان کے اثرات آج بھی عام شہری کی زندگی میں واضح طور پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ کبھی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑی، کبھی بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے بلوں نے گھریلو بجٹ کو تباہ کیا، کبھی روپے کی قدر میں کمی نے اشیائے ضروریہ کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا اور کبھی بے روزگاری نے نوجوان نسل کے خوابوں کو مایوسی میں بدل دیا۔ ایسے حالات میں حکومت کی جانب سے معاشی استحکام، ترقی اور بہتری کے دعوے یقینا اہمیت رکھتے ہیں، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا ان دعووں کے ثمرات عام آدمی تک بھی پہنچ رہے ہیں؟ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں اگر ملکی معیشت میں بہتری کے آثار پیدا ہو رہے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام آ رہا ہے، مالیاتی نظم و ضبط بہتر ہو رہا ہے اور عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے تو یہ یقینا مثبت پیشرفت ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے معاشی استحکام بنیادی ضرورت ہوتا ہے، کیونکہ غیر مستحکم معیشت میں نہ سرمایہ کاری فروغ پا سکتی ہے اور نہ ہی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی دو الگ الگ چیزیں نہیں ہونی چاہئیں۔ اگر ملک کے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہوں لیکن ایک عام مزدور اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنے میں مشکلات کا شکار ہو تو ایسی ترقی کے ثمرات پر سوال اٹھنا فطری بات ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے اکتوبر 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سالانہ مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو ستمبر کے مقابلے میں کچھ کم ہے۔ بظاہر یہ اعداد و شمار بہتری کی علامت ہیں، لیکن عام شہری کے لیے مہنگائی میں کمی کا مطلب صرف یہ نہیں کہ قیمتوں میں اضافے کی رفتار کم ہو گئی ہے۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران اشیائے خورونوش، ادویات، تعلیم، کرایوں اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتیں جس سطح تک پہنچ چکی ہیں، وہاں سے عام آدمی کی آمدن میں اسی تناسب سے اضافہ نہیں ہوا۔ مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی اس وقت تک عوام کو حقیقی ریلیف نہیں دے سکتی جب تک ان کی قوت خرید میں اضافہ نہ ہو۔ آج ایک متوسط طبقے کے خاندان کا سربراہ صبح گھر سے نکلتا ہے تو اس کے ذہن میں کئی فکریں ہوتی ہیں۔ تنخواہ ملنے سے پہلے ہی اس کا بڑا حصہ مختلف اخراجات کی نذر ہو جاتا ہے ۔ مہینے کے آخری دنوں میں یہی شخص اپنے اخراجات کم کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ کبھی بچوں کی خواہشات کو نظر انداز کرنا پڑتا ہے، کبھی گھر میں گوشت پکانے کے دن کم کرنا پڑتے ہیں اور کبھی علاج معالجے کو بھی اگلے مہینے تک موخر کرنا پڑتا ہے ۔ یہ وہ معاشی حقیقت ہے جسے کسی سرکاری رپورٹ یا پریس کانفرنس کے بجائے عوام کے گھروں میں جا کر زیادہ بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔ بجلی اور گیس کے نرخ بھی عوام کیلئے ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں۔ چھوٹے کاروباری افراد بھی بجلی کی مہنگی قیمتوں سے متاثر ہوتے ہیںکیونکہ پیداواری لاگت بڑھنے کے بعد انہیں اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے۔ اس کا براہ راست بوجھ بھی بالآخر صارف ہی برداشت کرتا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کیساتھ بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے، لائن لاسز روکنے، بجلی چوری کے خاتمے اور تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے تاکہ عام صارف کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ معاشی بحالی کے راستے میں بے روزگاری بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کا قیمتی سرمایہ ہے لیکن اگر نوجوانوں کو تعلیم حاصل کرنے کے باوجود روزگار نہ ملے تو یہی سرمایہ معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے بجائے مایوسی کا شکار ہو جاتا ہے۔ آج ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے ملازمت کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں۔ دوسری جانب نجی شعبے میں ملازمت کے مواقع محدود ہیں اور جہاں مواقع موجود ہیں وہاں اکثر تنخواہیں موجودہ مہنگائی کے مقابلے میں ناکافی ہیں۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے لیبر فورس سروے 2024-25 کے مطابق بیروزگاری کی شرح 7.1 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ روزگار کی فراہمی کو قومی معاشی پالیسی کا بنیادی حصہ بنانا ناگزیر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ نوجوانوں کیلئے صرف قرضہ سکیموں کا اعلان کرنے کے بجائے صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہنرمندی اور چھوٹے کاروباروں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کرے۔ چھوٹے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اگر ایک نوجوان اپنا کاروبار شروع کرتا ہے تو وہ نہ صرف اپنے لیے روزگار پیدا کرتا ہے بلکہ وقت کیساتھ دوسرے افراد کو بھی ملازمت فراہم کرنے کے قابل ہو سکتا ہے ۔ بار بار تبدیل ہونیوالی معاشی پالیسیاں سرمایہ کاری کیلئے غیر یقینی صورتحال پیدا کرتی ہیں۔ اگر صنعتی شعبے کو مستقل اور واضح سمت فراہم کی جائے تو ملکی مصنوعات کی تیاری میں اضافہ، برآمدات میں بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں حکومت کی ذمہ داری صرف معاشی اعداد و شمار بہتر بنانے تک محدود نہیں بلکہ اسے عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا کرنے کیلئے بھی موثر اقدامات کرنا ہونگے۔ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مزید مضبوط بنانے، مستحق خاندانوں کی درست نشاندہی کرنے، سرکاری اسپتالوں میں علاج کی سہولیات بہتر بنانے اور سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ غریب اور کم آمدن والے خاندانوں کو ریلیف دیتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ امداد حقیقی مستحق افراد تک پہنچے اور اس عمل میں سفارش، سیاسی وابستگی یا کسی قسم کی بدعنوانی کی گنجائش نہ ہو۔ یہ بھی ضروری ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ سڑکوں، پلوں، سرکاری عمارتوں اور دیگر منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کرنے سے پہلے یہ دیکھنا چاہیے کہ ان منصوبوں سے عوام کو کتنا فائدہ پہنچے گا۔ قومی وسائل کسی حکومت یا سیاسی جماعت کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ عوام کی امانت ہیں۔ ان وسائل کا درست استعمال ہی حقیقی ترقی کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو درست منصوبہ بندی اور دیانتداری کے ساتھ استعمال کیا جائے ۔ ہمیں وقتی سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ایسی معاشی پالیسیوں کی ضرورت ہے جن کا تسلسل حکومتوں کی تبدیلی سے متاثر نہ ہو۔ معیشت کسی ایک جماعت یا حکومت کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری قوم کا مشترکہ معاملہ ہے۔ حکومت، اپوزیشن، کاروباری طبقے، صنعت کاروں، کسانوں اور عوام سب کو ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آخر میں یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ کسی بھی حکومت کی کامیابی کا اصل پیمانہ صرف یہ نہیں کہ عالمی مالیاتی ادارے اس کی معاشی پالیسیوں کو سراہ رہے ہیں یا ملکی شرح نمو میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب ایک مزدور اپنے بچوں کو بہتر خوراک فراہم کر سکے، ایک نوجوان کو باعزت روزگار مل سکے، ایک متوسط طبقے کا خاندان بجلی کا بل ادا کرنے کے بعد مہینے کے باقی دن بھی عزت سے گزار سکے، ایک مریض کو علاج کیلئے اپنی جمع پونجی فروخت نہ کرنی پڑے اور ایک طالب علم مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور نہ ہو۔ حکومت کو معاشی استحکام کے ساتھ عوامی خوشحالی کو بھی اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔ ہمیں ایسی ترقی نہیں چاہیے جو صرف سرکاری دستاویزات اور معاشی رپورٹس میں نظر آئے بلکہ ایسی ترقی درکار ہے جو عام آدمی کے گھر کے چولہے، بچوں کے مستقبل اور خاندان کے اطمینان میں محسوس ہو کیونکہ ملک کی اصل خوشحالی اسی وقت ممکن ہے جب ریاست مضبوط ہونے کیساتھ اس کا عام شہری بھی معاشی طور پر مضبوط ہو۔




تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں