وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو زمین پر سب سے بڑا جھوٹا قرار دے دیا۔
وزیراعظم نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی دھوکے بازیوں نے ملک کی معیشت کو برباد کردیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عمران خان ووٹرز میں خطرناک تقسیم پر عمل پیرا ہیں اور معاشرے میں زہر گھول رہے ہیں۔ وہ ملک کے معاملات کو اپنے ذاتی ایجنڈے کے مطابق چلاتے تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ذاتی ایجنڈے کے لئے کرپشن کے خاتمے کو اپنا منشور بنا کر پیش کیا لیکن وہ پاکستانی تاریخ کے سب سے زیادہ ناتجربہ کار، خود پسند، انا پرست اور ناپختہ سیاست دان ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ لیک ہونے والی آڈیوز سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ عمران خان کرہ ارض پر سب سے زیادہ جھوٹ بولنے والا شخص ہے اور یہ بات میں خوشی سے نہیں کہہ رہا بلکہ یہ ہمارے لئے شرمندگی اور تشویش کا باعث ہے کیونکہ عمران خان کے ذاتی ایجنڈے اور مقاصد کے لئے بولے گئے جھوٹ سے ہمارے ملک کے تشخص کو نقصان پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان کو اپنے تمام دانستہ مجرمانہ اقدامات کے لئے جوابدہ ہونا پڑے گا، عمران خان نے معاشرے میں اتنی نفرت اور زہر بھر دیا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں تھا، وہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں اور معاشرے میں نفرت پھیلاتے ہیں۔
شہباز شریف نے پاکستان کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات دوبارہ استوار کرنے کے حوالے سے اپنی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اس وقت حیران رہ گئے جب کئی عالمی رہنماؤں نے ان سے ملاقات کے دوران عمران خان کے رویے کا ذکر کیا، بعض رہنماؤں نے مجھے عمران خان کی شخصیت کے حوالے سے ذاتی طور پر آگاہ کیا کہ وہ (عمران خان) ناشائستہ رویے کے حامل، جھوٹے اور خود پسند تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بلاوجہ نقصان پہنچایا۔
وزیراعظم نے سی پیک منصوبے کو جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے قابل اعتماد دوستوں میں سے ایک ہے اور وہ نومبر میں چین کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم نے اس منصوبے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نومبرمیں چین، جو پاکستان کا سب سے زیادہ آزمودہ دوست ہے ، کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی بہتری کےلئے ایک اچھا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک غیر معمولی معاشی بحران سے دوچار ہے جس کی وجہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، غیرملکی قرضے اور پاکستان میں آنے والا سیلاب ہے جس میں 1600 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے۔
وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے حکومتی امور میں مشاورت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف ان کے رہنما اور بڑے بھائی ہیں اور وہ ان سے مشورہ کرتے ہیں لیکن انہوں نے مجھے فیصلے کرنے کیلئےمکمل اختیار دیا ہوا ہے۔
خاندانی سیاست کے حوالے سے عمران خان کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ خاندانی سیاست کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ اہلیت، عوامی حمایت اور عوام کا اعتماد جیتنے کی بات ہے۔





