بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 25.5°C
Tuesday, 21 July 2026 | پاکستان: 7 صفر 1448

وزیر اعظم یوتھ پروگرام

Tuesday, 21 July, 2026

پاکستان کے نوجوان ہمارا سب سے قیمتی قومی سرمایہ اور مستقبل کی ترقی کی بنیاد ہیں۔ چونکہ پاکستان کی تقریبا 70 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، اس لیے نوجوانوں پر سرمایہ کاری صرف ایک سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشی ضرورت بھی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن پیداواری روزگار پر مبنی ہے، جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو ملازمت تلاش کرنے والوں کے بجائے روزگار پیدا کرنے والا بنانا ہے۔ ان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کا مرکزی حصہ بنایا گیا ہے۔ موجودہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں اس عزم کی عکاسی کرتے ہوئے پاکستان کی نوجوان نسل کی ترقی کے لیے تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اس مقصد کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کیلئے براہِ راست 40.58 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف وزارتوں کے ذریعے نوجوانوں سے متعلق پروگراموں کیلئے مزید 21 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ یہ تاریخی فنڈنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نوجوان پاکستانیوں کو تعلیم، مہارت، روزگار، کاروبار، جدت، کھیل اور قیادت کے میدانوں میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پیداواری روزگار، کاروباری معاونت، مہارتوں کی ترقی اور مالی وسائل تک رسائی کے ذریعے حکومت ایسا ماحول تشکیل دے رہی ہے جہاں نوجوان اپنے کاروبار قائم کر سکیں، روزگار پیدا کریں اور ملکی معاشی ترقی میں مثر کردار ادا کریں۔ نوجوانوں کیلئے بجٹ میں درج ذیل شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے: 22.4 ارب روپے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے لیے، تاکہ کاروبار کے فروغ اور معاشی خودمختاری کو ممکن بنایا جا سکے۔ 9.9 ارب روپے یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تکنیکی اور ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کی جا سکیں ۔ 3رب روپے پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کیلئے تاکہ پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طلبہ کی معاونت کی جا سکے۔ 3 ارب روپے آئی ٹی اسٹارٹ اپس اور وینچر کیپیٹل سپورٹ کیلئے تاکہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔ 70 کروڑ روپے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کے قیام کیلئے۔ 50 کروڑ روپے ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ کیلئے۔ 40 کروڑ روپے نیشنل والنٹیئر کور کیلئے۔ 30 کروڑ روپے ای اسپورٹس ایریناز اور ٹریننگ سینٹرز کیلئے۔ 25 کروڑ روپے نیشنل انوویشن ایوارڈز کیلئے۔ یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز، جن میں مصنوعی ذہانت ، بلاک چین، ڈیٹا سائنس اور دیگر زیادہ طلب رکھنے والے شعبے شامل ہیں، کی تربیت دی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق روایتی ہنر بھی سکھائے جا رہے ہیں ۔ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم حکومت کے کاروبار پر مبنی معاشی ترقی کے عزم کی عکاس ہے، جس کیلئے 22.4 ارب روپے کا سب سے بڑا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔بلاسود اور کم شرحِ منافع پر قرضوں کی فراہمی کے ذریعے یہ اسکیم نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے، زرعی منصوبوں کو وسعت دینے اور دوسروں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل بناتی ہے۔ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم نے نمایاں نتائج دیے ہیں۔ موجودہ مالی سال کی نئی فنڈنگ کاروباری سرگرمیوں ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت اور جدت کو مزید فروغ دے گی۔ اس کے علاوہ خواتین کیلئے 25 فیصد خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے تاکہ نوجوان خواتین کو بھی مالی وسائل اور معاشی مواقع تک مساوی رسائی حاصل ہو ۔ ڈیجیٹل تبدیلی نوجوانوں کی ترقی کے حکومتی ایجنڈے کی ایک اہم ترجیح ہے۔وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت اب تک پاکستان بھر کے طلبہ، بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر، میں 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ فیز-IV کے تحت مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اگلے مرحلے میں وزیراعظم کروم بکس بھی ملک بھر کے طلبہ، خصوصا پسماندہ اور دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، میں تقسیم کیے جائیں گے تاکہ ڈیجیٹل تعلیم کے مواقع مزید بہتر بنائے جا سکیں۔ وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب پاکستان کا پہلا قومی نوجوان پلیٹ فارم ہے، جو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے 4Es فریم ورک کے تحت نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، وظائف، انٹرن شپس، کاروباری مواقع، کھیل اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں سے جوڑتا ہے ۔ اس پلیٹ فارم پر 8 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ صارفین، 16 لاکھ سے زیادہ ڈان لوڈز اور 1 لاکھ 14 ہزار سے زائد ملازمتوں کی فہرستیں موجود ہیں، جو نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مواقع تک رسائی فراہم کرتی ہیں۔موجودہ مالی سال کا بجٹ قومی ترقی میں نوجوانوں کی شرکت کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ نیشنل یوتھ کونسل نوجوان قیادت کو پالیسی سازی میں حصہ لینے کا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جبکہ نیشنل والنٹیئر کور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، آفات سے بچائو اور کمیونٹی سروس کیلئے 20 لاکھ نوجوان رضاکاروں کو تربیت دے گی۔گرین یوتھ موومنٹ کے ذریعے ہزاروں پاکستانی نوجوان ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں ، جس سے وہ مستقبل کی ابھرتی ہوئی گرین اکانومی میں روزگار اور ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہو رہے ہیں۔کھیلوں کا فروغ بھی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ کی نشاندہی کی سرگرمیوں میں 3 لاکھ سے زائد نوجوان کھلاڑی حصہ لے چکے ہیں، جبکہ حکومت کھیلوں کی مختلف شاخوں کی تعداد 12 سے بڑھا کر 23 کر رہی ہے اور پیشہ ورانہ تربیتی مراکز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔پاکستان کی پہلی قومی ای اسپورٹس پالیسی کی منظوری سے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی عالمی ڈیجیٹل گیمنگ اور تفریحی صنعت میں نوجوانوں کیلئے نئے موقع پیدا ہونگے جب ہمارے نوجوان کامیاب ہوتے ہیں، تو پاکستان کامیاب ہوتا ہے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *