بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 12.8°C
Monday, 16 November 2026 | پاکستان: 7 جمادی الثانی 1448

وفاقی آئینی عدالت کی پہلی سالگرہ اورفل کورٹ ریفرنس

Monday, 16 November, 2026

وفاقی آئینی عدالت کا قیام 13 نومبر 2025 کو ہوا۔ ایک سال مکمل ہونے پر اس کی پہلی سالگرہ منائی گئی۔ اس موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، عدالت کی کارکردگی، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں کا ذکر بھی کیا گیا لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس نئی عدالت کے قیام سے عام پاکستانی کو جلد اور سستا انصاف کیا ملنا شروع ہوگیا ہے؟کیا سپریم کورٹ پر مقدمات کا بوجھ کم ہوا ہے؟ یا ہم نے اپنے عدالتی نظام میں ایک اور ادارے کا اضافہ کر دیا ہے؟ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا بنیادی مقصد آئین کی تشریح، بنیادی حقوق کے تحفظ اور کیسوں کا جلد فیصلہ کرنا تھا۔ اس عدالت کے کل ججز کی تعدا سات ہے۔ جسٹس امین الدین خان اس عدالت کے پہلے چیف جسٹس ہیں۔ کسی عدالت کی کامیابی صرف مقدمات نمٹانے کی تعداد سے نہیں بلکہ اس بات سے جانچی جاتی ہے کہ اس کے فیصلوں سے عام شہری کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی ہے۔عوام کو کیا فائدہ ہوا ہے؟۔ابھی تک اس کورٹ کی اپنی بلڈنگ نہیں، وکلا کی بار نہیں، اپنی پارکنگ نہیں ہے ۔ اس کی راہداریوں میں فائلوں کے انبار لگے ہیں ۔ حکومت اسلام آباد کو نیویارک کا مین ھٹن بنانے کی باتیں تو کر رہی ہے۔ لیکن پاکستان کی دو بڑی عدالتوں کے پارکنگ مسائل کو نظر انداز کئے ہوئے ہے۔پلیز اس طرف بھی توجہ دیں۔وکلا اور سائل گاڑیوں کی پارکنگ سپریم کورٹ میں کرتے ہیں۔روڈ کراس کرتے ہیں مگر زیبرا کراسنگ نہیں،جانوں کو خطرے میں ڈال کر روڈ کراس کرتے ہیں۔اس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں اب دو اعلیٰ ترین عدالتیں اپنے اپنے آئینی دائرہ اختیار میں کام کر رہی ہیں۔ اس وقت سب سے اہم ججوں کی خالی آسامیاں اور زیر التوا مقدمات ہیں۔ اگر مقدمات کا بوجھ مسلسل بڑھتا رہے تو عوام کو فوری انصاف دینے کا خواب پورا نہیں ہوگا ۔ اہم مسئلہ ججوں کی تقرری کا ہے۔ عوام کو یہ اعتماد ہونا چاہیے کہ عدالت کا ہر فیصلہ صرف آئین اور قانون کی بنیاد پر ہوگا۔میری رائے میں وفاقی آئینی عدالت کو کامیاب بنانے کیلئے چند بنیادی اقدامات ضروری ہیں۔ سب سے پہلے ججوں کی خالی آسامیاں میرٹ پر فوری طور پر کی جائیں۔ وکلا برادری سے ججز کو بھی منتخب کیا جائے ۔ پرانے مقدمات کو ترجیح دی جائے اور غیر ضروری التوا کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ اہم عدالتی فیصلوں کو اردو میں جاری کیے جائیں تاکہ عام شہری بھی اپنے حقوق سے آگاہ ہوسکے ۔اس کیلئے ملک کی تمام عدالتوں میں ہر ماہ میگزین کی اشاعت شروع کی جائے۔ جس میں ہر ماہ اپنی عدالتوں کی کارکردگیکی تفصیلی رپورٹ ہو۔ بتایا جائے کہ کتنے مقدمات دائر ہوئے، کتنے نمٹائے گئے، کتنے زیر التوا ہیں، بنیادی حقوق کے کتنے مقدمات کا فیصلہ کر چکے ہیں ۔ پاکستان میں پہلے ہی سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ماتحت عدالتوں کا ایک وسیع نظام موجود ہے۔ اس کے باوجود لاکھوں مقدمات زیر التوا ہیں۔ عام آدمی انصاف کیلیے اپنی زندگی کی جمع پونجی خرچ کر دیتا ہے، لیکن بعض اوقات اسے اپنی زندگی میں انصاف نہیں مل پاتا۔جبکہ انصاف کی اصل روح عام شہری کو بروقت ریلیف دینا ہے۔وفاقی آئینی عدالت کی پہلی سالگرہ پر میری طرف سے اس ادارے کیلئے نیک خواہشات ہیں۔ راہداریوں میں فائلوں کا انبار دیکھ کر مایوسی ہوئی۔کورٹ کا نام بڑا بلڈنگ چھوٹی وسائل کم عدالت کی اصل سالگرہ اس دن ہوگی جب ایک عام پاکستانی فخر سے کہہ سکے گا کہ مجھے عدالت سے فوری انصاف ملا ہے۔بے شک ججز کی تعداد میں اضافہ کریں لیکن انصاف فوری دیں۔اب کالم کا دوسرا حصہ۔ سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندو خیل کی ریٹائرمنٹ پر ریفرنس کا ہے۔راقم سمجھتا ہے کسی جج کی ریٹائرمنٹ محض ایک فرد کی ملازمت کا اختتام نہیں بلکہ یہ اس کے عدالتی سفر، قانونی خدمات، فیصلوں اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ادا کیے گئے کردار کا جائزہ لینے کا موقع ہوتا ہے۔اس تقریب میں اگر تمام سپیکر جسٹس مندوخیل کے فیصلوں پر تبصرے کرتے تو ریفرنس طوالت کا شکار نہ ہوتا ۔جسٹس جمال خان مندوخیل کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقد ہونیوالا فل کورٹ ریفرنس ایک اہم تقریب تھی۔ رجسڑار سپریم کورٹ سہیل محمد لغاری نے پروگرام کا آغاز تلاوت قران پاک سے کرایا۔ اس ریفرنس میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید امجد شاہ، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد مسعود چشتی اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے خطاب کیا۔ یہ تقریب صرف ایک جج کو الوداع کہنے کے لیے نہیں تھی بلکہ پاکستان کے عدالتی نظام کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم پیغامات سامنے آئے۔پہلے سپیکر آٹارنی جنرل نے تفصیل سے جناب مندو خیل کے کیریئر پر روشنی ڈالی۔بتایا کہ جسٹس جمال خان مندوخیل کا عدالتی سفر بلوچستان کی بار سے شروع ہوا۔ پھروکالت کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جج بنیاور بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں اور بالآخر سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج رہے۔ آپ کا سفر اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ قانون کے شعبے میں محنت، قابلیت اور مستقل مزاجی انسان کو اعلی ترین عدالتی منصب تک پہنچاتی ہے۔فل کورٹ ریفرنس سیخطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے جسٹس مندوخیل کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آئینی معاملات پر گہری نظر اور عدالتی اداروں کی بہتری کیلئے کی گئی خدمات کو سراہا۔انہوں نے عدلیہ میں اصلاحات، مقدمات کے مثر انتظام اور عوام کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا پیغام واضح تھا کہ عدالتوں کا مقصد صرف فیصلے سنانا نہیں بلکہ عام شہری کو بر وقت اور قابلِ رسائی انصاف فراہم کرنا بھی ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید امجد شاہ نے عدالتی اصلاحات کو سراہتے ہوئے ای فائلنگ ڈیجیٹلائزیشن، الیکٹرانک مصدقہ نقول، لیگل کال سینٹر اور پبلک فیسلیٹیشن سینٹر جیسے اقدامات کا ذکر کیا۔انہوں نے اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی کہ مقدمات کے فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے بھی جسٹس مندوخیل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تاہم اس پورے ریفرنس کا سب سے اہم اور قابلِ غور پہلو خود جسٹس جمال خان مندوخیل کا الوداعی خطاب تھا۔آپ نے عدلیہ کی آزادی کو ججوں کا ذاتی استحقاق قرار دینے کے بجائے عوام کے آئینی حقوق کی ضمانت قرار دیا۔ ان کا پیغام تھا کہ ایک جج کا حلف اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ وہ کسی خوف دبا یا جانبداری کے بغیر آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرے۔انہوں نے اس حقیقت کی طرف بھی توجہ دلائی کہ عدلیہ کی آزادی صرف عدلیہ کی ذمہ داری نہیں بلکہ پارلیمنٹ، انتظامیہ اور دیگر ریاستی اداروں پر بھی لازم ہے کہ وہ اس آزادی کا احترام کریں۔ جسٹس مندوخیل کے خطاب کا ایک نہایت اہم پہلو یہ تھا کہ اگر عدلیہ آزاد نہ رہے تو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیاں اور انتظامی اختیارات کا ناجائز استعمال روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔ جب عوام کا عدالتوں پر اعتماد ختم ہوتا ہے تو معاشرے میں قانون کے بجائیطاقت کی حکمرانی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل کی رخصتی پر ہونے والا یہ فل کورٹ ریفرنس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جج ریٹائر ہو جاتے ہیں، لیکن ان کے فیصلے، اصول اور آئینی پیغامات آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنتے ہیں۔آخر میں راقم یہی کہنا چاہوں گا کہ کسی جج کی کامیابی کا اصل پیمانہ اس کا عہدہ، پروٹوکول یا منصب نہیں بلکہ وہ اعتماد ہے جو عوام کے دلوں میں اس کے فیصلوں کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے۔ راقم امید کرتا ہے کہ آپ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی کے تجربات کو کتابی شکل دیں گے۔آپ کیلئے ڈھیروں دعائیں ۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *