بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi °C
Sunday, 15 November 2026 | پاکستان: 6 جمادی الثانی 1448

چیف جسٹس پاکستان کی چین کے تربیتی دورے پر جانے والے 25 منتخب جوڈیشل افسران سے ملاقات

Sunday, 15 November, 2026

اسلام آباد (15 نومبر 2026): چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے چین کے عدالتی تبادلے اور تربیتی پروگرام کے لیے منتخب کیے گئے پاکستان بھر کے 25 بہترین کارکردگی کے حامل جوڈیشل افسران سے ملاقات کی اور انہیں چین روانگی سے قبل خصوصی بریفنگ دی۔

اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان نے جوڈیشل افسران کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے بالخصوص دور دراز، پسماندہ اور بدامنی سے متاثرہ علاقوں میں فرائض انجام دینے والے افسران کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں فرائض انجام دینے والے جوڈیشل افسران کی خدمات کا اعتراف اور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔

چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ چین میں پاکستان کی عدلیہ کے سفیر ہیں، اس لیے پاکستان کی عدلیہ کے وقار، اقدار اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چین کے عدالتی طریقہ کار، جدید ٹیکنالوجی اور مقدمات کی مینجمنٹ کے نظام کا بغور جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے عدالتی نظام میں رائج بہترین طریقوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ انہیں پاکستان میں انصاف کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے اپنایا جا سکے۔ میرٹ اور محنت کی حوصلہ افزائی سے ضلعی عدلیہ کی کارکردگی اور ادارہ جاتی استعداد میں اضافہ ہوگا۔

چیف جسٹس پاکستان نے زور دیا کہ جوڈیشل افسران بیرون ملک حاصل ہونے والے تجربات کو اپنے متعلقہ عدالتی اداروں میں عملی بہتری کے لیے استعمال کریں۔ ان کے مطابق بین الاقوامی عدالتی تجربات سے مقدمات کی سماعت، عدالتی انتظام اور کیس مینجمنٹ کے جدید طریقوں سے آگاہی حاصل ہوگی۔

پاکستان بھر سے منتخب 25 جوڈیشل افسران کا پہلا وفد 18 نومبر سے یکم دسمبر 2026 تک چین میں تربیتی پروگرام میں شرکت کرے گا۔ وفد میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے جوڈیشل افسران شامل ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان اور وفاقی عدالتی اکیڈمی میں خدمات انجام دینے والے افسران بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔

دو ہفتوں پر مشتمل اس تربیتی پروگرام کا انعقاد نیشنل ججز کالج آف چائنا کے زیر اہتمام کیا جائے گا، جس کے دوران چین کے سینئر ججز اور قانونی ماہرین کے ساتھ خصوصی علمی و پیشہ ورانہ نشستیں منعقد ہوں گی۔ پاکستانی وفد بیجنگ اور چوانژو سمیت چین کے مختلف مقامات پر عدالتوں کے مطالعاتی دورے بھی کرے گا۔

یہ دورہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور سپریم پیپلز کورٹ آف چائنا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس تعاون کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان عدالتی روابط، پیشہ ورانہ تربیت، تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی استعداد کو فروغ دینا ہے۔

چین کے تربیتی پروگرام میں پہلی مرتبہ منتخب ضلعی جوڈیشل افسران کے وفد کی شرکت پاکستان اور چین کے درمیان عدالتی تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ ضلعی عدلیہ کو نظام انصاف کی بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کو عدالتی اصلاحات کی اہم ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔

توقع ہے کہ اس تربیتی پروگرام سے پاکستانی جوڈیشل افسران کو جدید عدالتی نظام اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا، جس سے ملک میں مؤثر، جدید اور عوام دوست نظام انصاف کے فروغ میں مدد ملے گی۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *