اسلام آباد – پاکستان اور چین نے ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقائی امن و استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
یہ پیشرفت پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وانگ یی کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران سامنے آئی۔
بات چیت کے دوران چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور فریقین کے درمیان بات چیت میں سہولت کاری کے حوالے سے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بین الاقوامی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
اسحٰق ڈار نے بدلے میں ایران-امریکہ افہام و تفہیم سے متعلق پاکستان کی کوششوں کے حوالے سے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن کو فروغ دینے کے لیے پاک چین پانچ نکاتی اقدام کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے فریقین کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تال میل برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کے لیے کھلا رکھنے کی تزویراتی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
دونوں اطراف نے خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی سلامتی کی حمایت میں سفارتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔







تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں