آزادی دنیا کی ان عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے جس کی قدر شاید وہی قوم زیادہ جانتی ہے جس نے غلامی کی زنجیریں دیکھی ہوں۔ غلام قومیں صرف اپنے فیصلوں کا اختیار ہی نہیں کھوتیں بلکہ ان کی سوچ، آواز، معیشت، تہذیب اور آنے والی نسلوں کے خواب بھی دوسروں کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔ غلامی میں انسان زندہ تو رہتا ہے، مگر اپنی مرضی سے جینے کا حق اس سے چھین لیا جاتا ہے۔ اس لیے آزادی محض ایک خط زمین کا نام نہیں، یہ عزت، خودمختاری، شناخت اور اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کا حق ہے۔14 اگست ہمارے لیے محض کیلنڈر کی ایک تاریخ نہیں، بلکہ ایک ایسی داستان کا عنوان ہے جس کے ہر صفحے پر قربانی، جدوجہد، ہجرت اور لہو کے نقوش ثبت ہیں۔ پاکستان ہمیں کسی تحفے میں نہیں ملا۔ اس آزادی کے لیے ہمارے بزرگوں نے اپنے گھر بار چھوڑے، اپنی جائیدادیں قربان کیں، اپنے پیاروں کی جدائی برداشت کی اور لاکھوں انسانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قیامِ پاکستان کے وقت برصغیر نے ہجرت کا ایسا کرب دیکھا جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ قافلے اجڑے، بستیاں ویران ہوئیں، ماں کی گودیں اجڑیں، بہنوں اور بیٹیوں نے اپنے پیاروں کو کھویا اور بے شمار خاندان ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئے۔یہ وطن دراصل شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں کی امانت ہے۔ پاکستان کی بنیادوں میں صرف اینٹ، پتھر اور مٹی نہیں، بلکہ ان لاکھوں انسانوں کا لہو شامل ہے جنہوں نے ایک آزاد وطن کے خواب کو اپنی جان سے زیادہ عزیز جانا۔ آج جب ہم سبز ہلالی پرچم کو سربلند دیکھتے ہیں تو ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ اس پرچم کے ہر رنگ کے پیچھے ایک تاریخ ہے، ایک جدوجہد ہے اور قربانیوں کی ایک طویل داستان ہے۔آزادی کا سب سے خوبصورت پہلو یہ ہے کہ یہ ہمیں صرف غلامی سے نجات نہیں دیتی بلکہ ہمیں اپنی پہچان، اپنی تہذیب، اپنے عقائد اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار بھی عطا کرتی ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں نے ایک ایسے آزاد وطن کا خواب دیکھا تھا جہاں وہ اپنی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں، جہاں ان کی آنے والی نسلیں خوف کے سائے میں نہیں بلکہ آزادی کی فضا میں پروان چڑھیں۔آج ہم جس آزادی میں سانس لے رہے ہیں،یہ اسی خواب کی تعبیر ہے۔مگر قومیں صرف آزادی حاصل کرکے زندہ نہیں رہتیں، آزادی کی حفاظت بھی کرنا پڑتی ہے۔ دشمن کی سرحد پار سازشوں سے زیادہ خطرناک وہ کمزوریاں ہوتی ہیں جو قوم کے اندر پیدا ہو جائیں۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کو صرف جغرافیائی سرحدوں سے نہیں بلکہ اپنے کردار، اتحاد، دیانت اور ذمہ داری سے بھی محفوظ رکھیں گے۔یومِ آزادی ہمیں یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ پاکستان صرف حکومتوں یا اداروں کا نہیں، ہم سب کا وطن ہے۔ اس کی ترقی میں مزدور کا پسینہ بھی شامل ہے، کسان کی محنت بھی، سپاہی کی قربانی بھی، استاد کی تربیت بھی، ڈاکٹر کی خدمت بھی اور ہر محبِ وطن شہری کا کردار بھی۔ اگر ہم اپنے حصے کی ذمہ داری ایمانداری سے ادا کریں تو یہی آزادی ایک مضبوط، خوشحال اور باوقار پاکستان کی بنیاد بن سکتی ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو صرف سبز ہلالی پرچم لہرانا نہیں، بلکہ اس پرچم کے پیچھے چھپی قربانیوں، ذمہ داریوں اور قومی کردار کا مطلب بھی سمجھانا ہوگا۔اسی لیے یومِ آزادی ہمیں صرف خوشی منانے کا موقع نہیں دیتا، بلکہ احتساب اور عہدِ نو کا پیغام بھی دیتا ہے۔ ہمیں سوچنا چاہیے کہ جن لوگوں نے پاکستان کیلئے اپنی جانیں قربان کیں، کیا ہم ان کے خوابوں کے پاکستان کی تعمیر کر رہے ہیں؟ کیا ہم اپنے ملک کے قوانین، اداروں، قومی وسائل اور ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرتے ہیں؟ کیا ہم اپنی آنیوالی نسلوں کو ایسا پاکستان دے رہے ہیں جس پر وہ فخر کر سکیں؟ آزادی کا اصل تقاضا یہی ہے کہ ہم اپنے کردار سے ثابت کریں کہ ہم اس عظیم نعمت کے اہل بھی ہیں اور اس کے محافظ بھی۔یومِ آزادی پر ہر پاکستانی کے گھر پر سبز ہلالی پرچم لہرانا چاہیے۔یہ مناظر ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ وطن کی محبت سرحدوں کی محتاج نہیں ہوتی۔لیکن جشنِ آزادی کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہم اپنی خوشی سے دوسروں کے لیے اذیت کا سامان پیدا کریں۔ سڑکوں پر بے ہنگم ہارن اور باجے، گلی محلوں میں پٹاخے اور کریکر، خطرناک کرتب، موٹر سائیکلوں کا شور اور رات گئے تک ہنگامہ آرائی آزادی کا خوبصورت اظہار نہیں۔ ہمارے گھروں میں بیمار افراد، بزرگ، بچے اور آرام کے محتاج لوگ بھی رہتے ہیں۔ کسی ایک کی خوشی اگر دوسرے کیلئے تکلیف بن جائے تو پھر خوشی کا مقصد ہی فوت ہو جاتا ہے۔آئیے اس یومِ آزادی پر جشن ضرور منائیں، مگر شعور کے ساتھ۔ پرچم لہرائیں، ملی نغمے سنیں، گھروں کو سجائیں، بچوں کو پاکستان کی تاریخ اور قربانیوں کے بارے میں بتائیں، شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کریں اور اپنے وطن کی بہتری کیلئے ایک نیا عہد کریں۔ شور نہیں، شعور پیدا کریں؛ تکلیف نہیں، خوشیاں بانٹیں؛ سڑکوں کو میدانِ ہنگامہ نہیں بلکہ محبتِ وطن کا آئینہ بنائیں۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم صرف یہ نہ کہیں کہ پاکستان زندہ باد بلکہ اپنے کردار سے ثابت بھی کریں کہ پاکستان واقعی ہمارے لیے زندہ حقیقت ہے۔ ہم اپنے فرائض ادا کریں، قانون کا احترام کریں، صفائی کا خیال رکھیں، دوسروں کے حقوق کا تحفظ کریں، نفرتوں کے بجائے محبتیں بانٹیں اور اپنے وطن کو مضبوط بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔یہ آزادی ہمارے بزرگوں کی امانت ہے، شہیدوں کے لہو کا قرض ہے اور آنے والی نسلوں کی ذمہ داری ہے۔آئیے 14 اگست کو صرف پرچم نہ لہرائیں، اپنے دلوں میں پاکستان کی محبت بھی بلند کریں۔ صرف جشن نہ منائیں، آزادی کی قدر کا عہد بھی کریں۔







تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں