بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 22.3°C
Wednesday, 23 September 2026 | پاکستان: 12 ر بیع الثانی 1448

عالمی تیل بحران کے دوران عوامی ریلیف اور قومی کفایت شعاری

Wednesday, 23 September, 2026

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ایک بار پھر عالمی توانائی منڈیوں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صرف تیل درآمد کرنیوالے ممالک ہی نہیں بلکہ پوری عالمی معیشت کیلئے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے یہ صورتحال مزید حساس ہے کیونکہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست عوامی زندگی، کاروباری سرگرمیوں، نقل و حمل اور مجموعی معاشی استحکام کو متاثر کرتا ہے۔ ایسے حالات میں حکومتوں کیلئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ فوری، متوازن اور دور اندیش فیصلے کریں تاکہ عوام کو ریلیف بھی ملے اور قومی وسائل کا تحفظ بھی ممکن ہو۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے حالیہ کفایت شعاری اقدامات اور پٹرول ریلیف پروگرام اسی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے عالمی تیل بحران کے ممکنہ اثرات کا ادراک کرتے ہوئے ایک ایسے پیکیج کی منظوری دی ہے جس کا بنیادی مقصد کم اور متوسط آمدنی والے طبقات کو سہارا فراہم کرنا ہے۔ موٹر سائیکل، چنگ چی رکشہ، رکشہ اور 800 سی سی تک گاڑی رکھنے والے اہل شہریوں کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے تک ریلیف دینے کا فیصلہ بلاشبہ ایک اہم عوامی اقدام ہے ۔ پاکستان میں لاکھوں افراد روزگار، تعلیم اور دیگر ضروریات کیلئے موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں، جبکہ رکشہ اور چنگ چی ڈرائیوروں کی ایک بڑی تعداد اپنی روزی روٹی کے لیے ایندھن پر انحصار کرتی ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ سب سے زیادہ انہی طبقات پر پڑتا ہے، اس لیے ان کیلئے خصوصی ریلیف کا اعلان معاشی دبا کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اس پروگرام کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ رجسٹریشن کو مکمل طور پر مفت رکھا گیا ہے۔ اکثر فلاحی یا امدادی پروگراموں میں پیچیدہ طریقہ کار اور اضافی اخراجات مستحق افراد کی رسائی میں رکاوٹ بنتے ہیں، لیکن مفت رجسٹریشن سے حکومت نے یہ پیغام دیا ہے کہ امدادی عمل کو زیادہ سے زیادہ آسان اور شفاف بنایا جائے گا۔ اگر اس پروگرام پر موثر انداز میں عمل درآمد کیا گیا تو اس کے مثبت اثرات لاکھوں گھرانوں تک پہنچ سکتے ہیں۔حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات بھی اسی قدر اہم ہیں۔ دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ توانائی کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنے کی کوشش ہے۔ اسی طرح شادی ہالز کو رات 10 بجے اور ریسٹورنٹس کو رات 11 بجے بند کرنے کی ہدایت بھی توانائی کے تحفظ کی قومی پالیسی کا حصہ ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک توانائی بحران کے دوران ایسے اقدامات اختیار کرتے رہے ہیں تاکہ ایندھن اور بجلی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔ پاکستان میں بھی توانائی کی بچت نہ صرف درآمدی بل کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے بلکہ قومی معیشت پر پڑنے والے دبا کو بھی کم کر سکتی ہے۔کفایت شعاری پالیسی کا سب سے قابلِ ذکر پہلو یہ ہے کہ حکومت نے اس کا آغاز اپنے اداروں سے کیا ہے۔ سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں تین ماہ کیلئے 50 فیصد کمی کا فیصلہ ایک مضبوط پیغام دیتا ہے کہ بچت کا عمل صرف عوام کیلئے نہیں بلکہ حکومتی اداروں کیلئے بھی یکساں طور پر ضروری ہے۔ عوام ہمیشہ یہ توقع رکھتے ہیں کہ حکومت خود مثال قائم کرے اور یہی اصول اچھی حکمرانی کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔ جب ریاستی ادارے غیر ضروری اخراجات کم کرتے ہیں تو عوام میں بھی ذمہ داری اور اعتماد کا احساس پیدا ہوتا ہے۔اسی طرح نئی گاڑیوں اور پائیدار اشیا کی خریداری پر پابندی اور بیرونِ ملک سرکاری دوروں کو محدود کرنے کا فیصلہ بھی مالی نظم و ضبط کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سرکاری اخراجات میں کمی سے قومی وسائل کو زیادہ اہم شعبوں، خصوصا عوامی بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام کے اقدامات کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ موجودہ حالات میں یہ فیصلے صرف علامتی نہیں بلکہ عملی اہمیت بھی رکھتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ پیکیج میں یہی توازن دکھائی دیتا ہے۔ ایک طرف عام شہریوں کیلئے پٹرول ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف حکومتی اخراجات میں کمی لا کر قومی وسائل کے ضیاع کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یقینا ان اقدامات کی کامیابی کا انحصار شفافیت، مثر نگرانی اور بروقت عمل درآمد پر ہوگا۔ اگر مستحق افراد تک ریلیف صحیح طریقے سے پہنچتا ہے اور کفایت شعاری کے فیصلوں پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے تو نہ صرف عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ معیشت پر عالمی تیل بحران کے منفی اثرات بھی کسی حد تک کم کیے جا سکیں گے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ کاروباری برادری، سرکاری ادارے اور عوام اس قومی کوشش میں بھرپور تعاون کریں تاکہ توانائی کے ضیاع کو کم کیا جا سکے اور قومی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ حالیہ حکومتی اقدامات اسی حقیقت کا اظہار ہیں کہ مشکل حالات میں بروقت فیصلے، عوامی ریلیف اور مالی نظم و ضبط ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ اگر ان پالیسیوں کو مستقل مزاجی اور موثر انداز میں نافذ کیا گیا تو یہ نہ صرف موجودہ بحران کے اثرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ پاکستان میں ذمہ دارانہ طرزِ حکمرانی اور پائیدار معاشی استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *