بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 12.8°C
Monday, 16 November 2026 | پاکستان: 7 جمادی الثانی 1448

جس سلطنت میں سورج غروب نہیں ہوتا تھا وہاں شام کیسے اتر آئی

Monday, 16 November, 2026

(گزشتہ سے پیوستہ)
چند ہی برسوں میں کمپنی نے تجارت سے آگے بڑھ کر محصولات کی وصولی اور انتظامی اختیارات حاصل کر لیے۔ بنگال کی دولت اب اس ادارے کے لیے ایک ایسے خزانے کی حیثیت اختیار کر چکی تھی جس سے مزید فتوحات اور سیاسی توسیع کی راہیں کھلتی تھیں۔ تجارت کیلئے آنیوالے تاجر اب تاجور بن چکے تھے اور ایک تجارتی کمپنی ایک وسیع نوآبادیاتی اقتدار میں تبدیل ہو رہی تھی۔وقت گزرتا گیا اور کمپنی کا اقتدار برصغیر کے وسیع علاقوں تک پھیلتا چلا گیا۔ مگر اقتدار کی یہ عمارت جس بنیاد پر کھڑی تھی اس کے اندر بے چینی کے شعلے بھی سلگ رہے تھے۔بھاری محصولات، انتظامی مداخلت ، مقامی حکمرانوں کے اختیارات میں کمی اور مذہبی و سماجی معاملات میں عدم اعتماد نے مختلف طبقات میں اضطراب پیدا کر دیا تھا ۔ پھر 1857ء کا سال آیا۔ میرٹھ کی چھاؤنی میں 10 مئی کو بغاوت کی چنگاری بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے شمالی ہندوستان کے وسیع علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ نئی اینفیلڈ رائفل کے کارتوسوں کے متعلق یہ خبر پھیل چکی تھی کہ ان پر گائے اور سور کی چربی لگی ہوئی ہے۔ ہندو اور مسلمان سپاہیوں کیلئے یہ خبر مذہبی اعتبار سے شدید اشتعال کا باعث بنی۔ سپاہیوں کی ناراضی پہلے سے موجود سیاسی اور معاشی شکایات کے ساتھ مل کر ایک بڑی بغاوت میں تبدیل ہو گئی۔میرٹھ سے اٹھنے والے باغی سپاہی دہلی کی طرف بڑھے۔ شہر کے دروازوں سے داخل ہو کر انہوں نے مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کو اپنی تحریک کی علامتی قیادت کیلئے آگے کیا۔ دہلی کے تاریخی قلعے میں ایک بوڑھے بادشاہ کے سامنے اچانک ایک ایسی تحریک آ کھڑی ہوئی جس نے برطانوی اقتدار کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ وہ بادشاہ جس کی سلطنت عملاً دہلی کے چند علاقوں تک محدود رہ گئی تھی، اچانک ایک وسیع مزاحمتی تحریک کی علامت بن گیا۔دہلی، کانپور، لکھنؤ، جھانسی اور دوسرے علاقوں میں لڑائیوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ کہیں توپیں گرج رہی تھیں، کہیں گھوڑوں کی ٹاپیں سنائی دیتی تھیں اور کہیں محاصرے کے دوران کئی کئی ماہ تک شہر جنگ کا میدان بنے رہے۔ جھانسی کی رانی لکشمی بائی کی مزاحمت، نانا صاحب کی سرگرمیاں اور لکھنؤ کی لڑائیاں اس تحریک کے نمایاں واقعات بن گئیں۔ اس دوران دونوں طرف شدید خونریزی اور مظالم ہوئے۔ بالآخر برطانوی افواج نے بغاوت کو کچل دیا۔ دہلی پر دوبارہ قبضہ ہوا، بہادر شاہ ظفر گرفتار کیے گئے، ان کے بیٹوں کو قتل کیا گیا اور ان کے سر بہادر شاہ ظفر کو طشت میں رکھ کر پیش کئے گئے اور خود بہادر شاہ ظفر کو رنگون جلاوطن کر دیا گیا ، جہاں 1862ء میں انہوں نے حالت قید و بند میں دنیا سے رخصت لی۔یہ منظر کتنا درد ناک تھا کہ ایک زمانے میں ہندوستان کے وسیع علاقوں پر حکمرانی کرنیوالے خاندان کا آخری بادشاہ ایک اجنبی سرزمین پر بے بسی کے عالم میں زندگی کے آخری دن گزار رہا تھا۔ مگر اس بغاوت نے برطانوی حکومت کو بھی یہ احساس دلا دیا کہ ہندوستان پر ایک تجارتی کمپنی کے ذریعے حکومت کرنا اب ممکن نہیں رہا ۔ 1858ء میں ایسٹ انڈیا کمپنی کا اقتدار ختم کر کے ہندوستان کا انتظام براہِ راست برطانوی تاج کے سپرد کر دیا گیا۔اس کے بعد ہندوستان برطانوی سلطنت کے تاج کا سب سے قیمتی نگینہ بن گیا۔ ہندوستان کی زمین، اس کے بازار، زرعی پیداوار، خام مال ، محصولات اور عسکری وسائل نے برطانیہ کی عالمی طاقت کو غیر معمولی تقویت دی۔ ملکہ وکٹوریہ کو 1876ء میں ہندوستان کی ملکہ کا خطاب دیا گیا اور برطانوی تاج نے اس سرزمین پر اپنے اقتدار کو ایک نئی شاہانہ صورت عطا کی۔لندن کے کارخانوں میں مشینیں چل رہی تھیں، کپڑے کی صنعت ترقی کر رہی تھی، ریل کی پٹریاں بچھائی جا رہی تھیں اور بندرگاہوں پر تجارتی جہازوں کی آمدورفت بڑھ رہی تھی۔ برطانیہ کا پاؤنڈ عالمی تجارت میں اہم حیثیت اختیار کر چکا تھا۔اس کی بحری طاقت دنیا کے مختلف سمندروں میں موجود تھی اور اس کے سیاسی اثرات افریقہ سے ایشیا تک پھیلے ہوئے تھے لیکن تاریخ کی سب سے بڑی ستم ظریفی یہی ہے کہ سلطنتیں جب اپنی طاقت کے عروج پر ہوتی ہیں تو انہیں اکثر اپنے اندر چھپی ہوئی کمزوریاں دکھائی نہیں دیتیں۔برطانوی سلطنت کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ اس کی معاشی اور عسکری وسعت بظاہر ناقابلِ تسخیر تھی لیکن یورپ کے اندر طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا تھا۔ جرمنی ایک نئی صنعتی اور عسکری قوت کے طور پر ابھر رہا تھا، یورپی طاقتوں کے درمیان رقابت بڑھ رہی تھی اور دنیا ایک ایسے تصادم کی طرف بڑھ رہی تھی جس کے اثرات کئی نسلوں تک محسوس کئے جانے تھے ۔ 1914ء میں پہلی عالمی جنگ کا آغاز ہوا تو یورپ کی سرزمین ایک عظیم قتل گاہ میں تبدیل ہونے لگی۔برطانیہ کو جرمنی کیخلاف اپنے اتحادیوں کیساتھ میدان میں اترنا پڑا۔ خندقوں میں سپاہی کیچڑ، بارش، بیماری اور توپوں کی گھن گرج کے درمیان زندگی اور موت کی کشمکش سے گزر رہے تھے۔ مغربی محا ذ پر ایک ایک انچ زمین کیلئے ہزاروں جانیں قربان ہو رہی تھیں۔ برطانیہ نے اپنی افواج کیساتھ ساتھ ہندوستان اور دیگر نوآبادیاتی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں سپاہی جنگ میں شامل کئے۔
(……جاری ہے)

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *