اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں 17 درجے بہتری محض ایک عددی کامیابی نہیں بلکہ ڈیجیٹل ترقی، جدید طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے شعبے میں ملک کی مثبت پیش رفت کا ایک اہم مظہر ہے۔ گزشتہ چار برسوں کے دوران مجموعی طور پر 31 درجے بہتری اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان بتدریج روایتی انتظامی نظام سے ڈیجیٹل گورننس کی جانب سفر کر رہا ہے۔عصر حاضر میں ٹیکنالوجی نے دنیا کے طرزِ زندگی، کاروبار، تعلیم، صحت اور حکومتی امور کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ اب ترقی کا معیار صرف معاشی وسائل، صنعتی پیداوار یا انفراسٹرکچر تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ ریاست اپنے شہریوں کو کتنی آسانی، شفافیت اور تیزی کیساتھ خدمات فراہم کرتی ہے۔ ڈیجیٹل نظام اسی جدید حکومتی تصور کا بنیادی ستون ہے، جہاں شہریوں کو مختلف سرکاری امور کیلئے دفاتر کے چکر لگانے، طویل قطاروں میں انتظار کرنے اور غیر ضروری کاغذی کارروائی سے نجات ملتی ہے۔پاکستان کی ای گورنمنٹ انڈیکس میں نمایاں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک ڈیجیٹل تبدیلی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ یہ کامیابی حکومتی اداروں میں ٹیکنالوجی کے استعمال، آن لائن خدمات کی توسیع، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی اور عوامی سہولت کیلئے جدید نظام متعارف کرانے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اگرچہ اس سفر میں ابھی بہت سے مراحل طے کرنا باقی ہیں، تاہم عالمی سطح پر پاکستان کی درجہ بندی میں مسلسل بہتری ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ڈیجیٹل گورننس کا سب سے بڑا فائدہ عام شہری کو پہنچتا ہے۔ شناختی دستاویزات، ٹیکس ادائیگی، سرکاری فیسوں کی جمع آوری، مختلف سرٹیفکیٹس کا حصول، کاروباری رجسٹریشن اور دیگر انتظامی امور اگر آن لائن انجام دیے جائیں تو شہریوں کے وقت اور وسائل کی بچت ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری، معلومات تک آسان رسائی اور معاملات میں شفافیت پیدا ہوتی ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حکومتی خدمات کو شہریوں کی دہلیز تک پہنچانا ایک ایسی تبدیلی ہے جو عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔پاکستان جیسے وسیع آبادی والے ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول کیلئے بڑے شہروں کا سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ مالی مشکلات بھی پیدا ہوتی ہیں۔ آن لائن خدمات اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ان مشکلات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح شہریوں کو جغرافیائی فاصلے کی رکاوٹوں سے آزاد کرکے ایک زیادہ مساوی اور سہولت پر مبنی نظام فراہم کرنا ممکن ہے۔ڈیجیٹل ترقی کا تعلق صرف حکومتی امور تک محدود نہیں بلکہ یہ ملکی معیشت کیلئے بھی نئی راہیں کھولتی ہے۔ آن لائن کاروبار، ڈیجیٹل ادائیگیاں، فری لانسنگ، ای کامرس اور ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات نے نوجوانوں کیلئے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ پاکستان کی نوجوان آبادی اگر جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ ہو تو وہ نہ صرف ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہے۔ ڈیجیٹل معیشت کا فروغ زرمبادلہ کے حصول، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور معاشی خودمختاری کیلئے اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبے بھی ڈیجیٹل تبدیلی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ آن لائن تعلیمی پلیٹ فارمز، ڈیجیٹل لائبریریاں، فاصلاتی تعلیم اور جدید تدریسی وسائل طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ٹیلی میڈیسن، آن لائن طبی مشاورت اور ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈز کے ذریعے صحت کی سہولتوں کو دور دراز علاقوں تک پہنچانا ممکن ہے۔یہ اقدامات بالخصوص ان علاقوں کیلئے اہم ہیں جہاں معیاری تعلیم اور صحت کی سہولتوں تک رسائی محدود ہے۔تاہم ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کیلئے بعض بنیادی چیلنجز پر توجہ دینا بھی ضروری ہے ۔ انٹرنیٹ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی، ڈیجیٹل خواندگی میں اضافہ، سائبر سکیورٹی، شہریوں کے ڈیٹا کا تحفظ اور دیہی و شہری علاقوں کے درمیان ڈیجیٹل فرق کو کم کرنا اس سلسلے کی اہم ترجیحات ہیں۔ ڈیجیٹل نظام اسی وقت مثر ثابت ہوگا جب معاشرے کے تمام طبقات، بالخصوص کم آمدنی والے علاقوں کے رہائشیوں کو اس سے استفادہ کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں گے ۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ ڈیجیٹل اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کریں، سرکاری خدمات کو ایک مربوط نظام کے تحت لائیں اور مختلف اداروں کے ڈیٹا اور سروسز میں ہم آہنگی پیدا کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام کو ڈیجیٹل سہولتوں کے استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کرنا، سائبر جرائم سے تحفظ کے موثر اقدامات کرنا اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانا بھی ناگزیر ہے۔اقوام متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں 17 درجے بہتری اور گزشتہ چار برسوں میں مجموعی طور پر 31 درجے ترقی ایک مثبت قومی پیش رفت ہے۔ یہ کامیابی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور حکومتی نظام کو زیادہ مثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ڈیجیٹل پاکستان کا تصور محض جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ایسے مستقبل کی بنیاد ہے جہاں شہریوں کو بہتر خدمات، نوجوانوں کو ترقی کے مواقع، کاروباری اداروں کو سازگار ماحول اور ریاست کو موثر انتظامی نظام میسر ہو۔ اگر ڈیجیٹل اصلاحات کے اس سفر کو مستقل مزاجی، جامع حکمت عملی اور عوامی شمولیت کے ساتھ جاری رکھا جائے تو پاکستان نہ صرف عالمی سطح پر اپنی ڈیجیٹل شناخت مضبوط بنا سکتا ہے بلکہ ایک ترقی یافتہ، شفاف اور جدید معاشرے کی تشکیل کی جانب بھی اہم قدم اٹھا سکتا ہے۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں