امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت گیر امیگریشن پالیسی کے تحت تارکینِ وطن کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں ۔ان کارروائیوں کے تحت امریکا سے چار ہزار آٹھ سوسے زائد بھارتی شہریوں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے جبکہ امیگریشن حکام کی گرفتاریوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ یعنی امیگریشن نافذ کرنے والے ادارے نے گزشتہ ماہ ریکارڈ اکیاون ہزار افراد کو گرفتار کیا تھا۔ادارہ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً دوہزار گرفتاریاں کر رہا ہے جبکہ اگست کے پہلے ہفتے میں اوسطاً چار ہزاردوسو گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق گزشتہ سال تین ہزارپانچ سوسڑسٹھ بھارتی شہریوں کو امریکا سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا جو سولہ سال کی مدت کی سب سے زیادہ تعداد تھی، رواں سال کی پہلی ششماہی میں ہی مزید بارہ سوتہتر بھارتی شہری ملک بدر کیے جا چکے ہیں۔بھارتی ایشیائی تارکینِ وطن میں سب سے زیادہ متاثرہوئے۔امریکی تنظیم اسٹاپ اے اے پی آئی ہیٹ کے مطابق جنوری دوہزارپچیس سے مارچ دوہزارچھبیس کے دوران گرفتار کیے گئے چودہ ہزار چارسودو ایشیائی باشندوں میں تقریباً اٹھائیس فیصد بھارتی تھے۔ اسی عرصے میں چھ ہزاردوسواٹھارہ ایشیائی افراد کو ملک بدر کیا گیا جن میں بھارتی شہریوں کا حصہ بھی تقریباً اٹھائیس فیصد رہا۔تنظیم کا کہنا ہے کہ تازہ ترین اعداد و شمار میں بھی بھارتی باشندے ایشیائی اور بحرالکاہل کے جزائر سے تعلق رکھنے والے افراد میں گرفتاری، حراست اور ملک بدری کے اعتبار سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔حالیہ واقعات میں طویل عرصے سے امریکا میں مستقل رہائش رکھنے والی بھارتی شہری وینکاٹا واسام سیٹی بھی شامل ہیں جنہیں گرین کارڈ کی شرائط کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، بھارتی خاتون دوہزارتیرہ سے امریکا کی قانونی مستقل رہائشی ہیں اور ان کے خلاف ملک بدری کی کارروائی پہلے عدالت میں مسترد ہو چکی تھی، اسی طرح جاز موسیقار پریتیش والیا کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کا ہدف سالانہ دس لاکھ افراد کو ملک بدر کرنا ہے تاہم امیگریشن ادارے کے مطابق دوہزارپچیس میں تقریباً چار لاکھ افراد کو ملک بدر کیا گیا۔ امریکی حکومت کا دعویٰ ہے کہ مزیدتیس لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکینِ وطن ملک چھوڑ چکے ہیں جن میں تقریباًبائیس لاکھ افراد کی رضاکارانہ واپسی بھی شامل ہے۔ امریکہ میں ہزاروں تارکین وطم بچوں کو ملک بدری کے نئے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے کیونکہ قانونی معاونت کا معاہدہ ختم ہو رہا ہے۔انسانی حقوق کے کارکنوں نے خبردار کیا ہے کہ والدین یا سرپرست کے بغیر امریکہ آنے والے تارکین وطن بچوں کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، وہ امیگریشن عدالت میں اپنی قانونی نمائندگی سے محروم ہو سکتے ہیں، جس کے باعث ان کی ملک بدری کا خطرہ بڑھ جائیگا۔ یہ صورتِ حال ایک ایسے وقت پر پیدا ہو رہی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ قانونی خدمات فراہم کرنیوالے اداروں کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے دے رہی ہے۔جمعہ اس معاہدے کا آخری دن ہے جس کے تحت وفاقی حکومت اْن بچوں کو قانونی خدمات فراہم کرتی تھی جو والدین یا سرپرست کے بغیر امریکہ میں داخل ہوتے ہیں۔حکومت یہ خدمات ملک بھر میں موجود قریباً سو قانونی اداروں کے نیٹ ورک کے ذریعے فراہم کرتی تھی، جو لگ بھگ بیس ہزار بچوں کو قانونی معاونت فراہم کر رہے تھے ۔ ٹرمپ انتظامیہ نے فوری طور پر اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ وہ اس معاہدے کو کیوں ختم ہونے دے رہی ہے، تاہم یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر ملک بدری کی پالیسی کو تیز کر دیا ہے، اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت کے پہلے ہی سال میں تارکین وطن بچوں کو بھی ملک سے نکالنے کے ہدف میں شامل کر لیا گیا تھا۔اس معاہدے کے تحت قانونی اداروں کو یہ اجازت حاصل تھی کہ وہ حکومتی فنڈ سے چلنے والے شیلٹرز میں جا کر بچوں کو ان کے قانونی حقوق کے بارے میں آگاہ کریں اور امیگریشن عدالت میں کارروائی کے دوران ان کی براہِ راست نمائندگی کریں۔لیکن معاہدہ ختم ہونے کے بعد، خدمات فراہم کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ پیر سے کیا صورتِ حال ہوگی یا آیا وہ ان شیلٹرز میں اپنے کلائنٹس سے مل سکیں گے جہاں یہ بچے رہ رہے ہیں یا نہیں۔سٹاریلا ایل پاسو کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر میلیسا لوپیز نے اس ہفتے کے آغاز میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘ہمیں بالکل بھی اندازہ نہیں کہ اگلے ہفتے ان بچوں کے ساتھ کیا ہونیوالا ہے۔ ہمیں یہ بھی معلوم نہیں کہ انہیں قانونی نمائندگی ملے گی یا نہیں۔ حکومت نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ذمہ داری کون سنبھالے گا۔’ ان کی تنظیم اس وقت مغربی ٹیکساس اور نیو میکسیکو میں دوسوتینتالیس بچوں کی نمائندگی کر رہی ہے جو سرپرست کے بغیر امریکہ میں مقیم ہیں ۔ خدمات فراہم کرنیوالے اداروں کا کہنا ہے کہ ‘شیلٹرز تک رسائی، اپنے کلائنٹس کی نگرانی اور نئے آنیوالے بچوں کو قانونی آگاہی فراہم کرنا ایک ایسے کمزور طبقے کیلئے ایک نہایت اہم نگرانی کا نظام ہے۔





تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں