امریکہ نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کی جانب سے دائر کردہ قتل کی مبینہ سازش کے مقدمے میں بھارتی حکومت کو سفارتی ذرائع سے عدالتی سمن اور مقدمے کی دستاویزات پہنچا دی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ یہ دستاویزات 9 اکتوبر 2026 کو واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے حوالے کی گئیں۔ نیویارک کی عدالت نے مقدمے میں نامزد بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور سابق سربراہ خفیہ ایجنسی ‘را’ سمنت گوئل کو عدالتی دستاویزات پہنچانے کے لیے بھارتی عدالتوں کے ذریعے کارروائی کی اجازت بھی دے دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے نیویارک کی وفاقی عدالت کے مقدمے سے متعلق دستاویزات بھارتی حکومت تک پہنچانے کیلئے سفارتی مراسلہ ارسال کیا۔محکمہ خارجہ کے مطابق یہ دستاویزات واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کو 9 اکتوبر کو فراہم کی گئیں، جبکہ اس حوالے سے محکمہ خارجہ کی جانب سے عدالتی کارروائی میں باضابطہ تصدیق بھی جمع کرائی گئی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ دستاویزات کی ترسیل قانونی تقاضوں کے تحت کی گئی ہے اور اس اقدام کا مطلب مقدمے میں عائد الزامات کی توثیق یا ان کے حق میں امریکی حکومت کا موقف اختیار کرنا نہیں ہے۔ یوں سفارتی ذرائع سے عدالتی کاغذات کی ترسیل کو مقدمے کے قانونی عمل کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ خالصتان تحریک سے وابستہ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ستمبر 2024 میں امریکی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے بھارتی حکومت، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، سابق سربراہ ‘را’ سمنت گوئل، وکرم یادو، نکھل گپتا اور دیگر افراد کو مقدمے میں نامزد کیا تھا۔ پنوں نے الزام عائد کیا تھا کہ 2023 میں نیویارک میں انہیں قتل کرنے کی سازش تیار کی گئی، جس میں بھارتی حکومتی اہلکار اور خفیہ ادارے سے وابستہ افراد ملوث تھے۔ مقدمے میں بھارتی حکومت اور نامزد افراد کیخلاف قانونی کارروائی اور ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس مقدمے میں اجیت دوول اور سابق سربراہ ‘را’ سمنت گوئل سمیت دیگر نامزد افراد کو عدالتی دستاویزات پہنچانے کا معاملہ بھی زیرِ غور رہا۔9 نومبر 2026 کو نیویارک کی عدالت نے اجیت دوول اور سمنت گوئل کو بھارتی عدالتوں کے ذریعے دستاویزات پہنچانے کی اجازت دی، جبکہ بھارتی حکومت کو امریکی محکمہ خارجہ کے ذریعے سفارتی مراسلے کے تحت نوٹس بھیجا گیا۔ امریکی استغاثہ نے الزام عائد کیا تھا کہ 2023 میں بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے وابستہ ایک اہلکار نے بھارتی شہری نکھل گپتا کو گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش پر عمل درآمد کی ذمہ داری دی تھی۔امریکی حکام کے مطابق نکھل گپتا نے قتل کے لیے مبینہ طور پر ایک شخص کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی، جو دراصل امریکی ادارے کا خفیہ اہلکار تھا۔ 13 فروری 2026 کی رپورٹ کے مطابق نکھل گپتا نے نیویارک کی وفاقی عدالت میں پنوں کے قتل کی مبینہ سازش سے متعلق تین الزامات تسلیم کیے۔ ان الزامات میں رقم کے عوض قتل کی سازش، قتل کی سازش میں معاونت اور رقم کی غیر قانونی منتقلی کی سازش شامل ہیں۔امریکی استغاثہ کے مطابق گپتا نے بھارتی حکومت کے ایک اہلکار کی ہدایت پر قتل کی منصوبہ بندی میں کردار ادا کیا تھا۔بھارتی حکومتی اہلکاروں پر بیرون ملک سکھ رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے الزامات کا معاملہ اس سے قبل کینیڈا میں بھی سامنے آ چکا ہے۔ ستمبر 2023 میں کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ میں اعلان کیا تھا کہ کینیڈین حکام ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی حکومتی ایجنٹوں کے ممکنہ تعلق کی تحقیقات کر رہے ہیں۔اس بیان کے بعد بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔ بھارت نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا ۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل بھی مختلف مواقع پر بھارت پر بیرون ملک دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی، انٹیلی جنس معاونت، مالی معاونت اور سہولت کاری کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گرپتونت سنگھ پنوں کے دیوانی مقدمے میں عائد الزامات اور امریکی فوجداری مقدمے میں نکھل گپتا کی جانب سے تسلیم کیے گئے الزامات الگ قانونی کارروائیاں ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھارتی حکومت کو دستاویزات پہنچانے کا اقدام مقدمے کے الزامات پر عدالتی فیصلہ نہیں ہے، جبکہ بھارت نے پنوں کے خلاف مبینہ سازش میں حکومتی سطح پر ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کیا ہے۔ امریکہ میں آرایس ایس کے سربراہ کی تقریرسے قبل ہندوتوا نظریہ کیخلاف امریکی سیاستدان اور عوام میدان میں آگئے۔ میئر نیویارک زہران ممدانی نے ہندو قوم پرست تنظیم آر ایس ایس کو تفرقہ پسند قراردے دیا۔ آر ایس ایس سے وابستہ یہ گروہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اورعیسائیوں کیخلاف تشدد میں ملوث ہے۔ امریکہ میں جاری احتجاج کے دوران مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس نے مسلمانوں، سکھوں، دلتوں اورعیسائیوں کیخلاف نفرت اور تشدد کو فروغ دیا ہے۔ بھارت میں سیاسی اثر و رسوخ کی حامل مودی کی جماعت بی جے پی بھی انتہا پسند آر ایس ایس کے نظریے پر ہی وجود میں آئی ۔ عالمی تجزیہ کار جیفرلو کرسٹوف کے مطابق بھارت میں من پسند نصاب سے جامعات پر حاوی انتہاپسند آر ایس ایس کے غلبہ کو بالکل نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔اس سے قبل امریکا میں قائم تین سکھ تنظیموں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کو امریکامیں داخلے کی اجازت نہ دیں ۔ آر ایس ایس بھارت میں مذہبی اقلیتوں کیخلاف تشدد، امتیازی سلوک اور ظلم و ستم کو فروغ دینے میں ملوث ہے۔امریکن سکھ کاکس کمیٹی، سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی ایسٹ کوسٹ اور امریکن گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے 20 اگست کو ایک خط میں یہ مطالبہ کیا۔ یہ خط 25 اگست کو موہن بھاگوت کے متوقع دورہ امریکاسے قبل لکھا گیا۔ تنظیموں نے 29 اگست کو میڈیسن سکوائر گارڈن میں مجوزہ تقریب کا بھی حوالہ دیا۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں