یہ امر خصوصی توجہ کا حامل ہے کہ باغ کے بعد برمنگھم میں بھی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاجی بیانیے کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے ۔پاکستان قونصل خانے کے باہر تین ماہ سے زائد عرصے سے جاری احتجاج کے خلاف برمنگھم کی مقامی کمیونٹی کے ارکان نے برطانوی حکام کو باقاعدہ پبلک پٹیشن ارسال کردی ہے۔ واضح رہے کہ پٹیشن میں مسلسل شور، مبینہ ہراسانی، دھمکی آمیز رویے، رہائشیوں کے معمولات میں خلل اور قونصل خانے آنے والے شہریوں کی محفوظ رسائی متاثر ہونے پر شدید تحفظات ظاہر کیے گئے ہیں۔ یہ پیش رفت اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج اب صرف پاکستان کے خلاف سیاسی نعرے بازی کا معاملہ نہیں رہا بلکہ اس کے طریقہ کار اور مقامی آبادی پر پڑنے والے اثرات بھی سوالات کی زد میں آ گئے ہیں۔مبصرین کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک احتجاج کرنے والے عناصر کی سیاسی مہم کو پاکستان کے موقف کی کمزوری سمجھنا سراسر غلط فہمی ہے۔برمنگھم کی صورتحال اس لیے بھی اہم ہے کہ احتجاج کرنے والوں کے دعووں کے برعکس اب مقامی کمیونٹی کے بعض ارکان خود برطانوی حکام سے رجوع کر رہے ہیں۔ پٹیشن میں طویل احتجاج کے باعث پیدا ہونے والے شور، مبینہ ہراسانی اور دھمکی آمیز رویے کے علاوہ عام زندگی میں خلل کی شکایات سامنے لائی گئی ہیں۔ قونصل خانے میں پاسپورٹ، ویزا اور دیگر قونصلر خدمات کے لیے آنے والے شہریوں کی محفوظ اور معمول کی رسائی بھی پٹیشن میں اہم مسئلے کے طور پر اٹھائی گئی ہے۔یہاں بنیادی سوال انتہائی سادہ ہے: اگر کوئی احتجاج واقعی عوامی حمایت کا نمائندہ ہے تو پھر مقامی آبادی کو اس احتجاج کے خلاف پبلک پٹیشن کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ احتجاج کا حق جمہوری معاشرے میں تسلیم شدہ ہے، لیکن یہ حق کسی دوسرے شخص کے سکون، سلامتی، آمدورفت اور قانونی حقوق کو پامال کرنے کا لائسنس نہیں۔ برطانوی قانون بھی احتجاج کی آزادی کو مطلق حق قرار نہیں دیتا۔ پولیس کو مخصوص حالات میں احتجاج پر شرائط عائد کرنے کے اختیارات حاصل ہیں، خصوصاً جب کسی مظاہرے سے سنگین خلل، عوامی بدنظمی یا لوگوں کو خوفزدہ کرنے کا خطرہ پیدا ہو۔یہ بات بھی قابلِ توجہ ہے کہ قانونِ جرائم و پولیسنگ دوہزار چھبیس کے سیکشن 165 کے تحت پولیس کو احتجاجی سرگرمیوں کے مجموعی اور مسلسل خلل** کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔ یعنی ایک ہی علاقے میں بار بار ہونے والے مظاہروں کے مجموعی اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، خواہ ہر احتجاج الگ الگ منعقد کیا گیا ہو یا مختلف گروہوں نے کیا ہو۔ جان کاروں کے مطابق قانون سب کے لیے یکساں ہے۔ کسی سیاسی نعرے، بیرونِ ملک موجود کسی تنازع یا کسی تنظیم کے دعوے کی بنیاد پر قانون سے بالاتر ہونے کی گنجائش نہیں۔ ویسٹ مڈلینڈز پولیس خود واضح کر چکی ہے کہ وہ پرامن احتجاج اور آزادی اظہار کے حقوق کا احترام کرتی ہے، تاہم جہاں قانونی حدود نافذ ہوں وہاں ان کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اسی تناظر میں برمنگھم کی پبلک پٹیشن کو محض ایک انتظامی شکایت قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاجی طریقہ کار پر مقامی سطح سے اٹھنے والا ایک سنجیدہ سوال ہے۔ اگر احتجاج کرنے والے خود کو عوامی حقوق کا نمائندہ قرار دیتے ہیں تو انہیں یہ بھی جواب دینا ہوگا کہ دوسروں کے حقوق کہاں سے شروع ہوتے ہیں اور ان کی احتجاجی آزادی کہاں ختم ہوتی ہے۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اب بیرونِ ملک احتجاج کو پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا ذریعہ بنانے کی کوشش اب مقامی سطح پر بھی تنقید کا سامنا کر رہی ہے۔ برمنگھم کی پبلک پٹیشن نے اس دعوے کو کمزور کیا ہے کہ احتجاجی سرگرمیاں صرف مظاہرین اور پاکستانی ریاست کے درمیان معاملہ ہیں۔ جب ایک احتجاج مقامی رہائشیوں، کاروباری سرگرمیوں، شہریوں یا کسی سفارتی ادارے تک رسائی کو متاثر کرنے لگے تو اس کے اثرات براہِ راست میزبان معاشرے تک پہنچتے ہیں۔پاکستان کا موقف اس تمام معاملے میں پہلے ہی واضح ہے: پاکستان اپنی ریاستی خودمختاری، قومی سلامتی اور آئینی اداروں کے خلاف کسی منظم مہم کو تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی بیرونِ ملک ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو پاکستان کی داخلی سیاسی حقیقت کا پیمانہ سمجھتا ہے۔ پاکستان کسی ایسے احتجاج سے مرعوب نہیں ہوگا جس کا مقصد دباؤ پیدا کرنا یا پاکستان کے خلاف منفی تاثر بنانا ہو۔پاکستان کا مؤقف اس معاملے پر پہلے ہی بالکل واضح اور دوٹوک ہے۔ پاکستان اپنے ریاستی اداروں، آئینی نظام اور قومی سلامتی کے خلاف منظم احتجاجی مہم، اشتعال انگیزی اور بیرونِ ملک پاکستان مخالف سرگرمیوں کو کسی ابہام کے بغیر مسترد کرتا ہے ۔ پاکستان کو اپنے مؤقف کی وضاحت کے لیے کسی بیرونی دباؤ یا کسی نئی مہم کی ضرورت نہیں۔ مسئلہ کشمیر، ریاستی خودمختاری اور پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی کسی بھی مہم پر پاکستان کا موقف واضح ہے اور رہے گا۔پاکستان کے خلاف نعرے لگانے سے پاکستان کا مؤقف تبدیل نہیں ہوگا؛ لیکن قانون توڑنے یا دوسروں کے حقوق متاثر کرنے کی کوشش پر قانون ضرور اپنا راستہ اختیار کر ے گا۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں