بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 16.1°C
Tuesday, 10 November 2026 | پاکستان: 1 جمادی الثانی 1448

تہران سمٹ ! مشرق سے ابھرتے سورج کی نوید

Tuesday, 10 November, 2026

تہران سمٹ کی عالمی سطح پر گونج میں ہی قدرت نے ان ممالک کو وہ نادر موقع فراہم کر دیا کہ 25 سال بعد جب امریکہ اس خطہ سے رسوائی سمیٹے نکلنے کو تیار، تو طاقت کے توازن کو قائم رکھنے اور گریٹر اسرائیل کے عزائم کو مٹی میں ملانے کیلئے مکہ اکارڈ !کہ جس کی تڑپ دہائیوں سے اور ایران کی اس میں شمولیت اس اتحاد کے معاشی، دفاعی و اسٹریٹجک ثمرات، کو دو چند کر سکتی ہے۔ نامور تجزیہ نگار و بین الاقوامی امور کے ماہر سینیٹر مشاہد حسین سید نے انٹرنیشنل پارلیمنٹیرین کانگریس سیکریزیٹ کے ہال میں سیکرٹری جنرل محترمہ سنیٹر ستارہ ایاز کی معاونت سے رائونڈ ٹیبل مذاکرہ کا اہتمام کیا کہ جس میں سفیر ایران ڈاکٹر امیر مقدمی سمیت دفاعی و خارجہ امور کے ماہرین شریک تھے۔ برادرام سید امجد حسین نقوی کی معیت میں شرکت نے نہ صرف امریکی استبداد اور صیہونی عزائم کی تاریخ بارے آگاہی دی بلکہ بدلتے حالات میں سفارتکاری کے افق پر پاکستان اور استقامت کے افق پر ابھرتے ایران اور مکہ معاہدہ کی اہمیت و افادیت اور اس کی ذمہ داریوں بارے بہت مفید معلومات بھی میسر آئیں۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ امریکہ روبہ زوال، مغرب تقسیم، چین عروج کی راہ پر جبکہ کئی مسلم ممالک مڈل پاور کے طور پر ابھر رپے ہیں۔ بھارت سے جنگی کامیابی کے بعد پاکستان نے سفارتی محاذ پر گزشتہ کچھ عرصہ میں تین بڑی کامیابیاں سمیٹیں۔سات اپریل امریکہ ایران جنگ بندی، سترہ جون معاہدہ اسلام آباد اور 21 اکتوبر تہران سمٹ۔ چاہیے تو یہ تھا کہ اس تنازع میں کہ جو عالمی امن کیلئے خطرہ بنتا جا رہا تھا، میں اقوام متحدہ، یورپی یونین اوراوآئی سی کردار ادا کرتے، مگر یہ سب قرض پاکستان نے تنہا چکایا جبکہ مکہ معائدہ کی بنیاد بھی فیلڈ مارشل کی پرخلوص کوششوں کی مرہون منت۔ میزبان مشاہد حسین سید نے حقیقت جذبات اور قوم کے احساسات کو سفارتی و تجزیاتی قالب میں ایسا ڈھالا کہ خواہش ابھری کہ ایسے عالی دماغ خوش مزاج اور عالمی امور کے ماہر دانشور کو اگر پاکستان کی نمائندگی کا موقع میسر ہو تو برادر ممالک سے تعلقات کی نوعیت بحیرہ عرب کی گہرائیوں اور ہمالہ کی چوٹیوں کو چھو سکتی ہے۔ سابق صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر و امریکہ و چین میں پاکستان کے سابق سفیر مسعود خان نے کہا کہ صورتحال تباہ کن ہو سکتی ہے اگر مذاکرات کی طرف نہ لوٹا گیا۔ ہنری کسنجر نے کہا تھا کہ سنی شیعہ اختلافات ہمارے لیے وائلڈ کارڈ ہے۔ تہران سمٹ عام بیٹھک نہ تھی بلکہ اسنے امت مسلمہ کو تعلقات کی نئی راہ دکھائی تو ہنری کے دورہ چین کی یاد تازہ کرائی۔ اسلام آباد معاہدہ اب بھی امن کا ضامن اگر فریقین اس پہ دوبارہ متفق ہوں ۔ آبنائے ہرمز کی بندش کا معاملہ فریقین مذاکرات سے ہی حل کر سکتے ہیں۔سفیر ایران نے انقلاب ایران کے مقاصد و فلسفہ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ انقلاب کسی مسلم ملک کیلئے خطرہ تھا نہ ہے۔ ہم نے او آئی سی کے پلیٹ فارم پر بھرپور نمائندگی کی اور اب بھی صیہونی عزائم کے خلاف اٹھنے والی ہر تحریک کی اخلاقی وسفارتی حمایت میں پیش پیش ۔ شاہ ایران اس خطہ میں امریکی و اسرائیلی مفادات کا نگہبان تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2019 تک خلیجی ممالک و ایران میں سرد مہری تھی مگر مکہ اکارڈ اتحاد کی جانب بڑا قدم اور ایرانی صدر نے 17اکتوبر کو الجزیرہ کو دئیے گئے انٹرویو میں اس کا پرجوش خیر ۔قدم کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تعلقات کی بحالی کیلئے پے در پے دورے کرتے رہے اور تہران سمٹ انہی کاوشوں کا ثمر اسی لیے اعتماد سازی کیلئے مستقل قریبی روابط پر اتفاق بھی ہوا۔ مقدمی کا کہنا تھا کہ اگر یہ 04 ممالک متحد ہو جائیں تو نئی طاقت بن کر ابھر سکتے پیں کہ جسے کسی سے خطرہ نہ رہے۔ ایک سوال کے جواب میں سفیر ایران نے کہا کہ آئی آر جی سی اور سیاسی قیادت کے نکتہ نظر میں اختلاف غیر معمولی بات نہیں مگر فیصلے مشاورت اور سلامتی کونسل و راہبر کی راہنمائی سے ہی ہوتے ہیں۔ اکھنڈ بھارت اور گریٹر اسرائیل نظریاتی طور پر فرسٹ کزن کی طرح ہیں۔ معروف اینکر نسیم زہرا کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے ستترسال قبل کہا تھا کہ اسرائیل کا قیام دنیا کے قلب میں خنجر ہے۔ قائد کی بات آج بھی سچ ثابت ہو رہی ہے۔ نسیم زہرا کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے مسلم ممالک کے آپس کے اختلافات میں کبھی پوزیشن نہیں لی اور اب ایران امریکہ مذاکرات کا سہرا بھی پاکستان بالخصوص فیلڈ مارشل کے سر۔ اسرائیل کا وجود انسانیت کیلئے ہمیشہ خطرہ ہی رہا۔ …(جاری ہے)

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *