قوموں کی تاریخ گواہ ہے کہ تلوار کی دھار سے زیادہ اسے تھامنے والے ہاتھ کا ضبط اہمیت رکھتا ہے۔ کسی ملک کی عسکری قوت صرف سپاہیوں کی تعداد، اسلحے کے انبار اور سرحدوں کی حفاظت کی صلاحیت سے نہیں ناپی جاتی۔ اصل پیمانہ وہ پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری ہے جس کے ساتھ دفاعی ادارے اپنا فرض نبھاتے ہیں۔ آج دنیا غیر یقینی کے بھنور میں ہے اور حالات لمحہ بہ لمحہ کروٹ بدل رہے ہیں۔ ایسے میں پاکستان کی مسلح افواج ایک نمایاں مقام پر کھڑی ہیں۔ یہ مقام اتفاق کا نتیجہ نہیں۔ اس کے پیچھے کئی دہائیوں کا عملی تجربہ ہے، خطے کا پیچیدہ سلامتی کا ماحول ہے اور اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں طویل خدمات کی داستان ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اس ادارے کا سفر یہ بھی بتاتا ہے کہ علاقائی معاملات میں عسکری سفارتکاری کی اہمیت کس قدر بڑھ چکی ہے ۔ پاکستان کا شمار دنیا کی بڑی روایتی عسکری قوتوں میں ہوتا ہے۔ گلوبل فائر پاور کی دوہزارچھبیس کی درجہ بندی میں پاکستان 145 ممالک میں چودھویں نمبر پر ہے۔ یہ درست ہے کہ ایسی درجہ بندیاں عسکری صلاحیتوں کا ایک عمومی خاکہ ہی پیش کرتی ہیں اور کسی فوج کی حقیقی استعداد کا حرفِ آخر نہیں ہوتیں۔ پھر بھی پاکستان کی دفاعی قوت کے بنیادی ستون واضح ہیں: بڑی افرادی قوت، مضبوط بری فوج، مستعد فضائیہ، اور جنوبی ایشیا میں تزویراتی توازن قائم رکھنے والی جوہری صلاحیت۔ پاک بحریہ بھی بحیر عرب کی موجوں پر قومی بحری مفادات اور اہم تجارتی راستوں کی نگہبانی کیلئے اپنی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔چین کے اشتراک سے جے ایف 17 تھنڈر کی تیاری اس عزم کی روشن مثال ہے کہ پاکستان دفاعی پیداوار میں دوسروں کا محتاج نہیں رہنا چاہتا۔ جدید طیاروں کی شمولیت، میزائل ٹیکنالوجی میں پیش رفت، نگرانی کے بہتر نظام اور بحری قوت میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کی نبض پر ہاتھ رکھے ہوئے ہے۔ آج کی جنگ صرف عددی برتری کا کھیل نہیں رہی ۔اب فیصلہ درست نشانے، بروقت اطلاع، جدید ٹیکنالوجی اور مختلف دفاعی شعبوں کے باہمی ربط پر ہوتا ہے۔مگر تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھنا ضروری ہے۔ عسکری صلاحیت کا کوئی جائزہ معاشی حقائق کو نظرانداز کر کے مکمل نہیں ہو سکتا۔ محدود مالی وسائل، بیرونی سپلائرز پر انحصار اور ٹیکنالوجی کے بعض شعبوں میں موجود خلا دفاعی جدید کاری کی رفتار کو سست کرتے ہیں ۔ بڑی عالمی طاقتوں کے دفاعی بجٹ سے مقابلہ ہمارے بس کی بات نہیں۔ اس لیے مقامی تحقیق، تکنیکی خود انحصاری اور وسائل کا دانش مندانہ استعمال محض انتخاب نہیں، مجبوری ہے۔ سچ یہ ہے کہ تلوار تبھی کارگر رہتی ہے جب اسے تھامنے والے بازو کو معیشت کی توانائی میسر ہو۔ پاکستان کی تزویراتی قوت اسی وقت دیرپا ہو گی جب قابلِ اعتماد دفاعی تیاری کے ساتھ مضبوط معاشی بنیاد بھی موجود ہو۔پاکستان کی مسلح افواج کا پیشہ ورانہ تشخص روایتی جنگوں اور دہشتگردی کیخلاف طویل معرکے کی بھٹی میں تپ کر کندن بنا ہے۔ بھارت کے ساتھ جنگیں اور کارگل تنازع ہماری عسکری تاریخ کے اہم ابواب ہیں ۔ ان معرکوں کے نتائج یکساں نہیں رہے، مگر ان سے ملنے والے سبق آج بھی قومی دفاعی حکمتِ عملی کی رہنمائی کرتے ہیں۔ پھر قبائلی اضلاع، سوات اور ملک کے دیگر علاقوں میں شدت پسندی کیخلاف کارروائیوں کا مرحلہ آیا، جس نے بے مثال قربانیوں، حکمتِ عملی میں لچک اور ادارہ جاتی استقامت کا تقاضا کیا۔ اس دھرتی کے بیٹوں نے یہ قرض اپنے لہو سے چکایا ۔پاکستان کی عسکری خدمات کا ایک تابناک باب اقوامِ متحدہ کے امن مشنز ہیں۔ 1960 میں کانگو سے شروع ہونیوالا یہ سفر آج چار براعظموں تک پھیل چکا ہے اور پاکستان مختلف بین الاقوامی مشنز کیلئے ایک لاکھ ستر ہزار سے زائد اہلکار فراہم کر چکا ہے۔ ان خدمات نے عالمی سطح پر پاکستانی امن دستوں کو ایک قابلِ اعتماد پیشہ ورانہ پہچان دی ہے۔ امن مشن صرف عسکری نظم و ضبط کا امتحان نہیں ہوتے۔ ان میں مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کو سمجھنا، پیچیدہ سیاسی حالات میں توازن برقرار رکھنا اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنا بھی شامل ہے۔ ۔ مئی 2025 کی کشیدگی کے بعد ان کے کردار نے عسکری دفاعی صلاحیت اور سیاسی مذاکرات کے باہمی رشتے کو نئی معنویت دی۔ ان کا یہ مقف کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ماحول میں جنگ کی گنجائش انتہائی محدود ہے، دونوں ملکوں کو درپیش سنگین خطرات کی درست نشاندہی کرتا ہے۔ تاہم پائیدار امن صرف عسکری حساب کتاب سے حاصل نہیں ہوتا۔ اس کیلئے مسئلہ کشمیر سمیت بنیادی تنازعات پر بامعنی مذاکرات کا دروازہ کھولنا ہو گا۔ایران اور دیگر علاقائی طاقتوں سے پاکستان کے روابط نے اس سفارتی کردار کو مزید وسعت دی ہے ۔ اکتوبر 2026 میں فیلڈ مارشل کے دور تہران اور سعودی عرب و ترکیہ کے نمائندوں سے رابطوں کو ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں سے جوڑا گیا ہے۔ ان کوششوں کا مقصد مزید تصادم کو روکنا، بات چیت کی راہ ہموار کرنا اور اس خطے کے استحکام کا تحفظ ہے جو عالمی توانائی اور تجارت کی شہ رگ ہے۔ ان کاوشوں کا حتمی نتیجہ ابھی پرد غیب میں ہے لیکن مختلف علاقائی قوتوں سے دوستانہ تعلقات پاکستان کو وہ پل بننے کا موقع دیتے ہیں جہاں براہِ راست بات چیت مشکل ہو۔ وسیع تر مسلم دنیا کو بھی باہمی تعاون اور ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ مسلم ممالک کے باہمی اختلافات نے اکثر ان کی اجتماعی سفارتی قوت کو کمزور کیا ہے۔ سعودی عرب، ترکیہ، ایران، مصر اور دیگر ممالک سے پاکستان کے تعلقات یہ موقع فراہم کرتے ہیں کہ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیا جائے اور مشترکہ سلامتی کے مسائل پر یکساں حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ دفاعی تعاون اس کی مضبوط بنیاد بن سکتا ہے، بشرطیکہ اس کی رہنمائی باہمی احترام اور خودمختاری کے اصول کریں۔فلسطین کا جاری انسانی المیہ عالمی ضمیر کیلئے ایک کڑا امتحان ہے ۔پاکستان کی سفارتی پالیسی کو بین الاقوامی قانون کی پاسداری، نہتے شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت پر قائم رہنا چاہیے۔ عسکری اور سفارتی اثر و رسوخ کو حقیقی اعتبار اسی وقت ملتا ہے جب اس کے ساتھ اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی بھی ہو۔آج پاکستان کی مسلح افواج کے کاندھوں پر بیک وقت کئی بوجھ ہیں: قومی خودمختاری کا تحفظ، اندرونی سلامتی کے خطرات کا مقابلہ، دفاعی صلاحیتوں کی جدید کاری اور عالمی امن میں اپنا حصہ ڈالنا۔ ان فرائض کے لیے پیشہ ورانہ تسلسل، تکنیکی ترقی اور عسکری تیاری و سیاسی مقاصد کے درمیان واضح ہم آہنگی ضروری ہے۔آخر میں کسی عسکری ادارے کا حقیقی وقار اس کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ قابلیت اور ریاست کیلئے خدمات سے متعین ہوتا ہے۔ روایتی دفاع، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد اور عالمی امن مشنز میں کردار پاک افواج کی ذمہ داریوں کی وسعت کے آئینہ دار ہیں۔ آنیوالے وقت کا اصل چیلنج یہ ہے کہ ان خوبیوں کو برقرار رکھتے ہوئے عسکری قوت، معاشی ترقی اور سفارتی حکمتِ عملی کو ایک دوسرے کا معاون بنایا جائے ۔ جس خطے میں ایک غلط اندازہ یا ایک لمحے کی بے احتیاطی صدیوں کا نقصان بن سکتی ہو، وہاں دانش مندی، تحمل اور بروقت درست فیصلے کی صلاحیت عسکری قوت جتنی ہی اہم ہے، بلکہ بعض اوقات اس سے بھی زیادہ۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں