بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 28.3°C
Wednesday, 16 September 2026 | پاکستان: 5 ر بیع الثانی 1448
مکہ معاہدے میں شامل ممالک لائحہ عمل بناکر عمل کرینگے: ڈی جی آئی ایس پی آر

 مکہ معاہدے میں شامل ممالک لائحہ عمل بناکر عمل کرینگے: ڈی جی آئی ایس پی آر

Wednesday, 16 September, 2026
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے مکہ معاہدے میں شامل کسی ایک فریق پر حملہ ہوتا ہے تو معاہدے میں شامل ممالک لائحہ عمل طے کریں گے اور اسی پر عمل کریں گے۔

عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا بھارت اپنی فوجی طاقت بڑھانے کے لیے بہت زیادہ وسائل خرچ کر رہا ہے جبکہ ہماری دفاعی صلاحیتیں خالصتاً دفاعی نوعیت کی ہیں،  اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اسلحے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کسی ملک کے خلاف ہمارے جارحانہ عزائم نہیں ہیں، ہمیں اپنی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، ہم نہ صرف دفاع کر سکتے ہیں بلکہ سزا بھی دے سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ سیاسی مقصد ملک کی سیاسی قیادت طے کرتی ہے،  فوج اور ریاست کے الگ الگ اہداف نہیں ہیں، پاکستان کے مقاصد اور خواہشات سیاسی قیادت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔

 

افغانستان کی صورتحال سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی رپورٹس میں افغانستان میں درجنوں دہشت گرد تنظیموں کاذکرہے، ہمارا مؤقف ہے افغانستان کو دنیا کا دہشت گردی کا مرکز نہیں بننا چاہیے، طالبان حکومت پاکستان میں دہشت گردی کے لیے دہشتگردوں کو تربیت دے رہی ہے،  ہمارا واحد مطالبہ یہ ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔

 

مکہ معاہدے کے کسی ایک فریق پر حملے پر پاکستان کے ردعمل سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نےکہا کہ دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو کبھی بھی عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا جاتا، کسی حملے کا ردعمل کیا ہوگا، تینوں ممالک لائحہ عمل طے کریں گے اور اسی کے مطابق اس پر عمل درآمد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں، سب سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد

 

خطے میں استحکام اور امن برقرار رکھنا ہے، دفاع سے متعلق دوسرے معاہدے بھی ہیں، جن میں ایک دوسرے کو تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانیاں ہیں، آپ دراصل یہ پوچھ رہے ہیں کہ معاہدے کے تحت کیسے کارروائی کی جائے گی، فوجی کارروائیوں اور سکیورٹی سے متعلق معلومات خفیہ ہوتی ہیں، کسی بھی کارروائی کا فیصلہ ان تینوں ممالک نے کرنا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا جیسا کہ لفظ سے بھی واضح ہے یہ دفاعی تعاون ہے، اس معاہدے میں کوئی جارحانہ پہلو نہیں ہے، باہمی دفاعی معاہدہ ایک دوسرے کے لیے معاون نوعیت کا ہے، ان تمام ممالک کے دوسرے ممالک کے ساتھ اپنے آزادانہ اور الگ تعلقات ہیں۔

 

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے تعلقات اچانک وجود میں نہیں آئے، چین اس بات کو سمجھتا ہے، دنیا بھی سمجھتی ہے کہ یہ تعلقات کتنے گہرے اور تاریخی ہیں، اب ان تعلقات کو باقاعدہ اور واضح معاہدے کی شکل دی گئی ہے، سب سمجھتے ہیں کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے، تینوں ممالک کے چین کے ساتھ بھی بہترین تعلقات ہیں، پاکستان کے چین کے ساتھ انتہائی اہم اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔

 

ان کا کہنا ہے کہ علاقائی امن کے لیے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کا کردار اداکرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان خطے اور علاقے میں امن کا حامی ہے، تمام دوست ممالک کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات اور روابط کی پالیسی کے باعث پاکستان کو ایک منفرد مقام حاصل ہے، منفرد مقام کی بدولت پاکستان امن کے لیے غیر جانبدار ثالث، دیانت دار ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *