پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ اس جنگ میں پاک فوج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتظامیہ، میڈیا، سیاسی کارکنوں اور سب سے بڑھ کر عام شہریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ دہشت گردی نے ملک کے امن، معیشت، تعلیم، صحت اور سماجی زندگی کو شدید متاثر کیا، تاہم قوم نے ہر مشکل مرحلے پر عزم، حوصلے اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ اسی قومی عزم کا ایک اہم عملی اظہار نیشنل ایکشن پلان ہے، جس کا بنیادی مقصد دہشت گردی، انتہاپسندی اور شدت پسندی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی اقدامات کو ایک مربوط سمت دینا تھا۔ نیشنل ایکشن پلان محض ایک حکومتی دستاویز نہیں بلکہ قومی سلامتی کے حوالے سے ایک جامع سوچ کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ ان عوامل کے خاتمے پر بھی توجہ دی گئی جو انتہاپسندی اور تشدد کو فروغ دیتے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف بندوق سے نہیں جیتی جا سکتی؛ اس کیلئے موثر قانون سازی، مضبوط ادارے، بہتر عدالتی نظام، مالیاتی نگرانی، جدید انٹیلی جنس، تعلیمی اصلاحات اور معاشرے میں برداشت کے فروغ کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔نیشنل ایکشن پلان کی سب سے بڑی افادیت یہ ہے کہ اس نے دہشت گردی کے مسئلے کو محض امن و امان کا معاملہ سمجھنے کے بجائے اسے قومی سلامتی، معاشی ترقی اور سماجی استحکام سے جوڑ دیا۔ دہشت گردی کا نیٹ ورک صرف میدانِ جنگ میں موجود عناصر تک محدود نہیں ہوتا بلکہ اس کے پیچھے سہولت کاری، مالی معاونت، انتہاپسندانہ بیانیہ، غیر قانونی سرگرمیاں اور بعض اوقات سرحد پار روابط بھی شامل ہوتے ہیں۔ اس لیے ایک مثر قومی حکمت عملی ہی ایسے تمام پہلوئوں کو بیک وقت نشانہ بنا سکتی ہے۔ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں دہشت گردی کے خلاف متعدد کامیاب کارروائیاں کیں اور ملک کے بیشتر علاقوں میں امن بحال کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ان کامیابیوں میں نیشنل ایکشن پلان کی پالیسی سمت، سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور قوم کی حمایت نے اہم کردار ادا کیا۔ تاہم دہشت گردی ایک متحرک خطرہ ہے، جو حالات کے مطابق اپنی حکمت عملی تبدیل کرتا رہتا ہے۔ اسی لیے ماضی کی کامیابیوں پر اکتفا کرنے کے بجائے قومی ایکشن پلان پر مسلسل اور موثر عملدرآمد ناگزیر ہے۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے ہر نکتے کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور جہاں عملدرآمد میں کمی موجود ہے وہاں اسے دور کیا جائے۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں انٹیلی جنس اداروں کے درمیان مثر رابطہ، معلومات کا بروقت تبادلہ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانا بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا دہشتگردوں کیخلاف بڑے آپریشنز کرنا۔دہشتگردی کے مالی ذرائع کا خاتمہ بھی اس جنگ کا بنیادی تقاضا ہے۔ کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو مالی وسائل دستیاب رہیں تو اس کی سرگرمیوں کو مکمل طور پر روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس لیے غیر قانونی فنڈنگ، بھتہ خوری، اسمگلنگ اور دیگر مالی ذرائع کے خلاف مثر کارروائی ضروری ہے۔ مالیاتی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ ریاستی محکموں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔اسی طرح دہشت گردی کے نظریاتی پہلو سے نمٹنا بھی ضروری ہے۔ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ انہیں معیاری تعلیم، روزگار، ہنر اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرکے انتہاپسند عناصر کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ مدارس اور تعلیمی اداروں میں ایسی اصلاحات اور اقدامات کی ضرورت ہے جو دینی و دنیاوی تعلیم کے ساتھ برداشت، تحقیق، مکالمے اور اختلافِ رائے کے احترام کو فروغ دیں۔ مساجد، مدارس، جامعات، میڈیا اور سول سوسائٹی کو بھی امن کے قومی بیانیے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ان علاقوں کی ترقی بھی دہشت گردی کے خاتمے کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہونی چاہیے جہاں سکیورٹی چیلنجز زیادہ رہے ہیں۔ سڑکیں، ہسپتال، تعلیمی ادارے، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات ریاستی موجودگی اور عوامی اعتماد کو مضبوط کرتے ہیں۔ جب شہریوں کو ترقی اور انصاف کے برابر مواقع حاصل ہوں تو دہشت گرد عناصر کیلئے عوامی حمایت یا ہمدردی حاصل کرنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔قومی اتفاقِ رائے نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کی بنیادی شرط ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک سیاسی جماعت، ادارے یا حکومت کی جنگ نہیں بلکہ پوری ریاست اور قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر قومی سلامتی کے معاملات پر کم از کم بنیادی نکات پر اتفاق ضروری ہے۔ ریاستی اداروں، سیاسی قیادت، پارلیمان، عدلیہ، میڈیا اور سول سوسائٹی کو ایک مشترکہ قومی مقصد کیلئے متحد ہوکر آگے بڑھنا چاہیے ۔ پاکستان کا مستقبل امن، استحکام اور معاشی ترقی سے وابستہ ہے۔ لہٰذانیشنل ایکشن پلان کو موثر بنانا دراصل پاکستان کو ایک محفوظ، مستحکم اور خوشحال ریاست بنانے کی کوشش ہے۔ اس کے لیے وقتی ردعمل کے بجائے مستقل پالیسی، ادارہ جاتی تسلسل، سیاسی عزم اور قانون کی بالادستی ضروری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف کامیابی کا حتمی معیار صرف دہشت گردوں کی تعداد کم ہونا نہیں بلکہ ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں شہری خود کو محفوظ سمجھیں، نوجوانوں کو روشن مستقبل نظر آئے اور اختلاف کو تشدد کے بجائے مکالمے کے ذریعے حل کرنے کی روایت مضبوط ہو۔ پاکستانی قوم نے دہشتگردی کیخلاف طویل اور کٹھن سفر طے کیا ہے۔ اب وقت ہے کہ ان قربانیوں کو پائیدار امن میں تبدیل کیا جائے۔ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل، مسلسل اور بلاامتیاز عملدرآمد اسی منزل تک پہنچنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اگر ریاستی ادارے، سیاسی قیادت اور عوام متحد ہوکر اس قومی حکمت عملی کو عملی قوت فراہم کریں تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان دہشت گردی کے خطرے کو شکست دے کر امن، ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگا۔





تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں