بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 20.1°C
Sunday, 27 September 2026 | پاکستان: 16 ر بیع الثانی 1448

” نیویارک میں پاکستان کی سفارتی پیشرفت اور جرمنی کا اعتراف”

Sunday, 27 September, 2026

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، عالمی تجارت میں رکاوٹوں اور توانائی کے بحران کے خدشات کے درمیان پاکستان کو ایک اہم سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جرمنی نے حال ہی میں علاقائی تنازعات میں پاکستان کے تعمیری اور مصالحتی کردار کو سراہتے ہوئے اس کی سفارتی کاوشوں کی کھل کر تعریف کی۔ یہ اعتراف اس وقت سامنے آیا جب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں جرمن وزیر خارجہ جوہان واڈیفل سے ملاقات کی۔یہ ملاقات کئی حوالوں سے اہم تھی۔ پاکستان اور جرمنی اس سال اپنے سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع، افرادی قوت کی ترقی اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے اور کاروباری روابط بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔اس ملاقات کا سب سے اہم پہلو جرمنی کی جانب سے پاکستان کے امن پسند سفارتی کردار کا اعتراف تھا۔ جرمن وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خصوصا آبنائے ہرمز اور باب المندب کے حوالے سے اسلام آباد کے مثبت کردار کا ذکر کیا۔ یہ دونوں آبی گزرگاہیں دنیا کی اہم ترین تجارتی اور توانائی راہداریوں میں شمار ہوتی ہیں اور ان میں پیدا ہونے والی کسی بھی کشیدگی کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوتے ہیں ۔ آبنائے ہرمز خلیج فارس کو بحرِ عمان سے ملاتی ہے اور دنیا کے تیل و گیس کی ایک بڑی مقدار اسی راستے سے عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔ اسی طرح باب المندب بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملاتی ہے اور یورپ، ایشیا اور افریقہ کے درمیان تجارت کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ان دونوں آبی گزرگاہوں میں پیدا ہونے والی کشیدگی نے عالمی معیشت، بحری تجارت اور توانائی کی قیمتوں کے حوالے سے شدید خدشات پیدا کیے ہیں۔عالمی برادری اس حقیقت کو تسلیم کر رہی ہے کہ ایسے پیچیدہ تنازعات کا حل محض فوجی طاقت سے ممکن نہیں بلکہ پائیدار امن کیلئے سفارت کاری اور مذاکرات ناگزیر ہیں۔ جرمنی نے ہمیشہ تنازعات کے حل کیلئے بات چیت اور سفارت کاری کی حمایت کی ہے اور پاکستان کی تعریف اسی تناظر میں اہمیت اختیار کرتی ہے ۔ یہ اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو تنازعات میں شدت پیدا کرنے کے بجائے مصالحت اور ڈائیلاگ کی مجموعی اہمیت ہے۔پاکستان نے اس بحران کے دوران متوازن اور فعال سفارت کاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسلام آباد نے تمام متعلقہ فریقوں سے رابطے برقرار رکھتے ہوئے علاقائی استحکام، توانائی کی بلا تعطل فراہمی اور تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ حال ہی میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے بھی رابطہ کیا اور عالمی توانائی کی ترسیل اور تجارتی بحری جہازوں کی محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان مسلسل اس مقف کا اعادہ کر رہا ہے کہ مذاکرات اور سفارتکاری ہی خطے میں امن و استحکام کا واحد قابلِ عمل راستہ ہیں ۔ پاکستان کیلئے یہ مسئلہ صرف خارجہ پالیسی تک محدود نہیں بلکہ اس کے اپنے معاشی مفادات سے بھی جڑا ہوا ہے۔ پاکستان توانائی درآمد کرنیوالا ملک ہے، اس لیے تیل کی قیمتوں میں اضافہ یا سپلائی چین میں رکاوٹ براہِ راست ملکی معیشت، صنعت، ٹرانسپورٹ اور عوامی زندگی کو متاثر کرتی ہے۔ آبنائے ہرمز اور باب المندب میں استحکام پاکستان کیلئے نہ صرف سفارتی بلکہ معاشی ضرورت بھی ہے۔پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیاں اس کی خارجہ پالیسی میں پختگی اور توازن کی عکاسی کرتی ہیں۔ اسلام آباد نے مختلف عالمی اور علاقائی طاقتوں کے ساتھ بیک وقت مثبت تعلقات برقرار رکھتے ہوئے خود کو ایک ذمہ دار اور تعمیری شراکت دار کے طور پر منوانے کی کوشش کی ہے۔ یہی متوازن حکمت عملی پاکستان کو خلیجی ممالک، ایران، چین، یورپی ممالک اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ موثر رابطے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔جرمنی کی جانب سے پاکستان کی تعریف اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ ایک بڑی یورپی طاقت اور جی سیون کے رکن ملک کی جانب سے سامنے آئی ہے۔ اس سے پاکستان کے سفارتی موقف کو بین الاقوامی سطح پر مزید تقویت ملتی ہے اور عالمی برادری میں اس کی ساکھ بہتر ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ اعتراف مستقبل میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تعاون اور تعلیمی شعبوں میں پاکستان اور یورپ کے درمیان مزید تعاون کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے ۔ اسحاق ڈار اور جرمن وزیر خارجہ کی ملاقات میں فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی معاملات پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال ابھی غیر یقینی ہے اور ان پیچیدہ مسائل کا حل کسی ایک ملک کے بس کی بات نہیں۔ تاہم سفارت کاری کی کامیابی اکثر انہی ممالک کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہوتی ہے جو مختلف فریقوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیاں ظاہر کرتی ہیں کہ وہ اسی مثبت کردار کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ جرمنی کی جانب سے پاکستان کے کردار کا کھلے عام اعتراف اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ عالمی سطح پر اسلام آباد کی آواز کو سنجیدگی سے سنا جا رہا ہے۔ ایک ایسے خطے میں جہاں تنازعات اور بداعتمادی اکثر غالب رہتی ہے، مکالمے، اعتدال اور سفارت کاری کی حمایت کرنا ایک قیمتی سفارتی سرمایہ ہے ۔ پاکستان کیلئے یہ اعتراف نہ صرف ایک سفارتی کامیابی ہے بلکہ علاقائی امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں مزید موثر کردار ادا کرنے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *