لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت اپنے بورڈ آف گورنرز کے 84ویں اجلاس کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے کے اضافے کی منظوری دے دی۔
اجلاس کے دوران پی سی بی کے چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے شرکاء کو مالی سال 2026-27 کے مجوزہ بجٹ اور مالیاتی فریم ورک پر بریفنگ دی۔ بورڈ نے متفقہ طور پر نئے مالی سال کے اضافی بجٹ کی منظوری دے دی۔
بورڈ آف گورنرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے بجٹ کی بھی منظوری دی اور لیگ کو انتظامی اور مالی طور پر خود مختار بنانے کے منصوبوں کی توثیق کی۔
منظور شدہ اقدامات کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ کا بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ بورڈ نے پاکستان کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے زیادہ میچ فیس کے ساتھ مرکزی معاہدوں کے لیے نئے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں قائداعظم ٹرافی میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں خاطر خواہ اضافے کی منظوری دی گئی، ادائیگیاں فی میچ 30 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردی گئیں۔ ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس بھی 15 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی۔
پی سی بی نے خواتین کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے لیے فنڈز کی مزید منظوری دی، 12 اضافی کرکٹ گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے کے منصوبے اور انسانی وسائل کے لیے فنڈز مختص کیے گئے۔
بورڈ نے علاقائی گراؤنڈ سٹاف کی کم از کم تنخواہ 42,000 روپے کرنے کی بھی منظوری دی اور کراچی میں نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور دیگر کرکٹ انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے 6.7 بلین روپے مختص کیے ہیں۔
اس کے علاوہ لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں بائیو مکینکس مشین کی تنصیب کے لیے بھی فنڈنگ کی منظوری دی گئی۔ بورڈ آف گورنرز نے اپنے گزشتہ اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔
اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین، پی سی بی کے سینئر حکام اور متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں