دنیا اس وقت ایک ایسے نازک مرحلے سے گزر رہی ہے جہاں بین الاقوامی نظام کی اصل روح یعنی انصاف، قانون اور انسانی وقار شدید سوالات کی زد میں ہے۔ اگر آج بھی عالمی برادری نے انصاف کو اپنی پالیسیوں کی بنیاد نہ بنایا تو یہ حقیقت محض خدشہ نہیں رہے گی کہ عالمی تنازعات مزید پھیلیں گے۔۔ ایسے میں کوئی ریاست، خطہ اورقوم خود کو محفوظ تصور نہیں کر سکے گی۔اقوام متحدہ اور اس سے وابستہ عالمی ادارے دوسری جنگِ عظیم کے بعد اسی امید پر قائم کیے گئے تھے کہ طاقت کے بجائے قانون کی حکمرانی ہوگی، تنازعات مذاکرات سے حل ہوں گے اور کمزور اقوام کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ مگر آج کا منظرنامہ اس وعدے کے بالکل برعکس دکھائی دیتا ہے۔ یہ ادارے اکثر صرف تشویش کے اظہار اور رسمی بیانات تک محدود نظر آتے ہیں، جبکہ زمینی حقائق میں انصاف کی بجائے طاقت کا اصول غالب ہے۔جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر اس عالمی ناکامی کی سب سے واضح اور طویل مثال ہے۔ سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود یہ تنازع آج بھی عالمی ضمیر کیلئے سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔ اقوام متحدہ خود اس خطے کو متنازع قرار دے چکی ہے اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے کیلئے متعدد قراردادیں منظور کی جا چکی ہیں۔ اس کے باوجود ان قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونا اس حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے کہ عالمی نظام میں اصول نہیں بلکہ مفادات فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں ۔ یہ امر بھی تشویشناک ہے کہ بھارت اور پاکستان، جو دونوں ایٹمی صلاحیت کے حامل ممالک ہیں، اسی مسئلے کے باعث 4 جنگیں لڑ چکے ہیں۔ اس کے باوجود عالمی طاقتیں کشمیر کو سنجیدہ اور ترجیحی مسئلہ بنانے سے مسلسل گریزاں رہی ہیں۔ جب تک اس بنیادی تنازع کا منصفانہ حل تلاش نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، علاقائی تعاون اور معاشی ترقی محض نعرے ہی رہیں گے۔پانچ اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے نے اس تنازع کو نئے اور زیادہ خطرناک مرحلے میں داخل کر دیا۔ یکطرفہ بھارتی اقدامات کے نتیجے میں سیاسی آزادیوں کی سلبی، طویل لاک ڈان، اظہارِ رائے پر پابندیاں اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششیں سامنے آئیں۔ یہ سب کچھ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے مسلمہ اصولوں کے منافی تھا، مگر عالمی اداروں کی جانب سے کوئی ٹھوس، عملی یا مثر ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ اس خاموشی نے یہ تاثر مزید گہرا کر دیا کہ انسانی حقوق بھی اب طاقتور ریاستوں کی ترجیحات کے تابع ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا کردار بھی اس تناظر میں شدید تنقید کا مستحق ہے۔ ویٹو پاور رکھنے والی چند ریاستوں نے اس فورم کو عملی طور پر مفلوج کر رکھا ہے۔ انصاف پر مبنی فیصلے صرف اس لیے رک جاتے ہیں کہ وہ طاقتور ممالک کے مفادات سے متصادم ہوتے ہیں۔ اس صورتحال نے نہ صرف عالمی مسائل کو حل طلب بنا دیا ہے بلکہ عالمی اداروں کی ساکھ کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔اسی طاقت پر مبنی عالمی نظام کی ایک اور مثال سندھ طاس معاہدہ ہے، جو کئی دہائیوں تک جنگوں کے باوجود قائم رہا اور اسے بین الاقوامی سفارت کاری کی کامیابی سمجھا جاتا تھا۔ مگرحالیہ کشیدگی کے بعد بھارت کی جانب سے معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا اعلان اور جو غیر ذمہ دارانہ رویے اور بیانات سامنے آئے، ان پر عالمی اداروں کی خاموشی نے سنگین سوالات کو جنم دیا ہے۔ پانی پاکستان کے 25 کروڑ انسانوں کی زندگی اور معیشت کا بنیادی انحصار ہے۔ اگر آبی معاہدوں کو سیاسی دبائو کیلئے استعمال کیا جائے تو یہ بین الاقوامی قانون ہی نہیں بلکہ انسانی بقا کے اصولوں کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔یہ خاموشی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ عالمی ثالثی اور ضامن ادارے اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ اگر بین الاقوامی معاہدے بھی طاقتور ریاستوں کی مرضی کے تابع ہو جائیں تو پھر قانون کی حیثیت محض رسمی دستاویز سے زیادہ نہیں رہتی۔ یہی وہ نقطہ ہے جہاں عالمی نظامِ انصاف اپنی اخلاقی بنیاد کھوتا دکھائی دیتا ہے۔جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات محض پاکستان اور بھارت تک محدود نہیں رہیں گے۔ یہ عدم استحکام پورے خطے، بالخصوص وسطی اور مغربی ایشیا، کے امن اور ترقی کیلئے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ عالمی طاقتیں اکثر تنازعات کو حل کرنے کے بجائے انہیں طول دینا زیادہ فائدہ مند سمجھتی ہیں، کیونکہ کشیدگی کی فضا اسلحے کی صنعت اور سیاسی مفادات کو تقویت دیتی ہے ۔پاکستان نے مسلسل اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام تنازعات کا حل مذاکرات، مکالمے اور بین الاقوامی قانون کے دائرے میں تلاش کیا جائے۔ مسئلہ گے تردید حقیقت ہے کہ اگر کسی ریاست کی خودمختاری، وسائل اور عوام کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوں تو دفاع اس کا جائز اور قانونی حق ہے۔آخر میں یہ کہنا ناگزیر ہے کہ اگر عالمی اداروں نے اپنی ترجیحات درست نہ کیں، طاقت کے بجائے انصاف کو بنیاد نہ بنایا اور اپنے ہی فیصلوں پر عملدرآمد یقینی نہ بنایا تو دنیا مستقل عدم استحکام کی طرف بڑھتی چلی جائے گی۔ تاریخ بارہا یہ ثابت کر چکی ہے کہ ناانصافی وقتی طور پر طاقتور کو فائدہ دے سکتی ہے، مگر طویل مدت میں یہی رویہ عالمی امن کو تباہ کر دیتا ہے۔ آج بھی وقت ہے کہ عالمی برادری اپنی اخلاقی ذمہ داریوں کا ادراک کرے، کیونکہ اگر آج انصاف کی آواز نہ سنی گئی تو آنیوالی نسلیں ہم سے یہ سوال ضرور کرینگی کہ جب فیصلہ کن لمحہ آیا تھا، تو ہم نے خاموشی کیوں اختیار کی؟






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں