ایک طرف مودی سرکار بھارتی صوبے وسٹ بنگال کا نام بدل کر ”پشم بنگا” رکھنے جا رہی ہے اور دوسری جانب یہ امر خصوصی توجہ کا حامل ہے کہ بھارت دنیا کو جمہوریت، رواداری اور انسانی حقوق کے بھاشن دیتا ہے، مگر اس کے اپنے طرزِ عمل پر نظر ڈالی جائے تو دعووں اور حقیقت کے درمیان ایک خوفناک خلیج دکھائی دیتی ہے۔ سکھ ریفرنڈم کی بڑھتی ہوئی عالمی گونج، گرو نانک دیو جی کی تقریبات میں سکھوں کا بھرپور اظہارِ عقیدت اور امریکہ میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے مقدمے میں بھارتی شہری نکھل گپتا کو ملنے والی طویل سزا نے بھارتی پالیسی کے کئی متضاد پہلو دنیا کے سامنے رکھ دیے ہیں۔امریکی وفاقی عدالت کی جانب سے نکھل گپتا کو 19 سال سے زیادہ قیدکی سزا دیا جانا معمولی واقعہ نہیں۔یاد رہے کہ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق گپتا نے امریکی سرزمین پر گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش میں جرم قبول کیا۔ امریکی استغاثہ کے مطابق اس منصوبے میں ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا گیا جو دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا خفیہ اہلکار تھا۔ امریکی حکام نے یہ بھی کہا کہ اس سازش کے پیچھے بھارتی حکومت کے ایک ملازم وکاش یادو سے منسلک ہدایات موجود تھیں۔یہاں بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرے پر سب سے بڑا سوال کھڑا ہوتا ہے: اگر کسی سیاسی کارکن یا ناقد کا مؤقف پسند نہیں تو اس کا جواب سیاسی دلیل سے دیا جائے گا یا مبینہ طور پر قتل کی سازش سے؟ اگر امریکہ میں کسی بھارتی شہری کو امریکی شہری کے قتل کی سازش پر تقریباً دو دہائیوں کی سزا مل سکتی ہے تو دنیا یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ آخر بھارتی ریاستی نظام بیرونِ ملک اپنے ناقدین کے معاملے میں کس حد تک جانے کے لیے تیار ہے؟۔واضح رہے کہ بھارت سکھ ریفرنڈم سے اس قدر خوف زدہ دکھائی دیتا ہے کہ ایک سیاسی مطالبے کو بھی قومی سلامتی کے خطرے کے طور پر پیش کرتا ہے۔ مگر ریفرنڈم کی حمایت یا مخالفت کا جواب بندوق نہیں، دلیل ہوتی ہے۔ کسی سیاسی نظریے کو شکست دینی ہو تو عوام کو قائل کیا جاتا ہے، مخالف آواز کو خاموش کرانے کے لیے مبینہ خفیہ کارروائیاں نہیں کی جاتیں۔مبصرین کے مطابق سکھ ریفرنڈم قانونی طور پر بھارت کی موجودہ سرحدوں یا آئینی حیثیت کو خود بخود تبدیل نہیں کرتا، لیکن اس نے ایک حقیقت ضرور واضح کر دی ہے: سکھ سیاسی سوال اب صرف بھارت کے اندر محدود بحث نہیں رہا۔
بیرونِ ملک سکھ برادری اپنے سیاسی مستقبل، شناخت اور حقوق کے بارے میں کھل کر اظہار کر رہی ہے۔ بھارت اگر واقعی دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے تو اسے اس سیاسی آواز کا سامنا جمہوری طریقے سے کرنا چاہیے نہ کہ اسے کچلنے یا دنیا کے سامنے بدنام کرنے کی کوششوں سے نہیں۔دوسری جانب گرو نانک دیو جی کی تقریبات کے موقع پر دنیا بھر کے سکھ اپنے مذہبی ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں کیوں کہ گرو نانک کا پیغام انسانیت، مساوات، انصاف اور سچائی سے جڑا ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے نام سے وابستہ تقریبات محض مذہبی اجتماعات نہیں بلکہ سکھ شناخت کے عالمی اظہار کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔ بھارت کے لیے شاید سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہی ہے کہ سکھ اپنی تاریخ اور شناخت کو بھولنے کے بجائے اسے دنیا کے سامنے زیادہ واضح انداز میں پیش کر رہے ہیں۔پنوں کیس نے بھارت کے لیے ایک اور مشکل سوال پیدا کیا ہے واضح رہے کہ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق قتل کی سازش کے لیے رقم، رابطوں اور ہدف کی معلومات کا انتظام کیا گیا۔ گپتا کو چیک ریپبلک میں گرفتار کیا گیا اور بعد میں امریکہ منتقل کیا گیا اور بالآخر امریکی عدالت میں اسے طویل قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ معاملہ کسی سیاسی جلسے کی تقریر نہیں بلکہ امریکی عدالتی نظام میں چلنے والے ایک فوجداری مقدمے اور سزا کا معاملہ ہے لیکن اس کے باوجود بھارت کے لیے سب سے بڑا مسئلہ شاید سزا نہیں بلکہ اس سزا سے پیدا ہونے والا عالمی تاثر ہے۔ جس ملک نے برسوں تک سکھ سیاسی سرگرمیوں کو بیرونی سازش قرار دے کر اپنے سخت اقدامات کا دفاع کیا، اسی ملک سے منسلک ایک شخص کو امریکہ میں سکھ سیاسی رہنما کے قتل کی سازش کے مقدمے میں سزا ملنا ایک انتہائی سنگین سفارتی اور اخلاقی سوال ہے۔بھارت سرکار کی مشکل یہ ہے کہ وہ ایک طرف خود کو جمہوریت کا سب سے بڑا علمبردار قرار دیتا ہے اور دوسری طرف سکھ سیاسی آوازوں کو مسلسل خطرے کے چشمے سے دیکھتا ہے۔ جمہوریت کا مطلب یہ نہیں کہ صرف حکومت کے حامی بولیں بلکہ جمہوریت کا اصل امتحان اس وقت ہوتا ہے جب حکومت کو اپنے مخالف کی آواز سننا پڑے۔یہ امر توجہ کا حامل ہے کہ دنیا اب سوال پوچھ رہی ہے کہ اگر بھارت واقعی اتنا مضبوط، جمہوری اور پراعتماد ملک ہے تو اسے سکھ سیاسی سرگرمیوں سے اتنا خوف کیوں ہے؟اگر خالصتان کا مطالبہ اتنا بے اثر ہے تو اسے دبانے کے لیے اتنی بے چینی کیوں؟ اور اگر بھارت کے پاس اپنے مؤقف کے لیے مضبوط دلائل ہیں تو وہ سیاسی میدان میں جواب دینے کے بجائے مخالف آوازوں کو سلامتی کا مسئلہ کیوں بناتا ہے؟۔امریکی عدالت کا فیصلہ بھارت کے پورے ریاستی نظام پر کوئی حتمی عدالتی فیصلہ نہیں، لیکن یہ ضرور ایک سخت قانونی حقیقت ہے کہ امریکی عدالت نے ایک بھارتی شہری کو پنوں کے قتل کی سازش میں 19 سال سے زائد قید کی سزا سنائی ہے۔ بھارت ریاستی ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتا رہا ہے، مگر یہ انکار اس سزا کی حقیقت کو ختم نہیں کرتا۔اب بھارتی بیانیے کے سامنے سب سے بڑا چیلنج یہی ہے کہ دنیا صرف دعوے نہیں دیکھ رہی، واقعات بھی دیکھ رہی ہے۔ سکھ ریفرنڈم کی سرگرمیاں، عالمی سطح پر سکھ سیاسی شعور اور پنوں کیس میں امریکی عدالت کا فیصلہ ایک ایسا منظرنامہ تشکیل دے رہے ہیں جسے محض ”بھارتی مخالف پروپیگنڈا” کہہ کر دفن نہیں کیا جا سکتا۔پنوں کیس کی سزا بھارت کے لیے صرف ایک عدالتی خبر نہیں بلکہ اس کے بیرونِ ملک طرزِ عمل پر اٹھنے والے سوالات کی ایک سنگین گھنٹی ہے۔ اب فیصلہ دنیا کرے گی کہ جمہوریت کا دعویٰ بڑا ہے یا اس کے عملی کردار کی حقیقت۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں