بانی سردار خان نیازی

🌤 Falkenstein 14.8°C
Thursday, 08 October 2026 | پاکستان: 27 ر بیع الثانی 1448

آٹھ اکتوبر دوہزارپانچ کے زلزلے کی داستان

Thursday, 8 October, 2026

آٹھ اکتوبر 2005 پاکستان بالخصوص آزاد جموں و کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جس کی یاد آج بھی دلوں کو سوگوار اور آنکھوں کو اشک بار کر دیتی ہے،صبح کا وقت تھا، لوگ اپنے معمولات میں مصروف تھے، بچے اسکولوں میں زیرِ تعلیم تھے، دفاتر اور بازار معمول کے مطابق کھل رہے تھے کہ اچانک زمین نے ایسی کروٹ لی جس نے چند ہی لمحوں میں بستیوں، گھروں، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، سڑکوں اور پلوں سمیت زندگی کے پورے نظام کو تہہ و بالا کر دیا۔ یہ صرف ایک زلزلہ نہیں تھا بلکہ ایک ایسی قومی آزمائش تھی جس کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے گئے۔8 اکتوبر 2005 کو آنے والے اس شدید زلزلے کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی۔ اس کا مرکز آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے تقریبا 19 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا اور اس کی گہرائی تقریبا 26 کلومیٹر بتائی گئی۔ زلزلے نے آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے وسیع علاقوں سمیت خطے کے دیگر حصوں کو شدید متاثر کیا۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور چٹانیں گرنے کے باعث متعدد شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہوئیں، جس سے امدادی سرگرمیوں کو غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تباہی کا وہ منظر جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی زلزلے کے چند لمحوں نے ہزاروں خاندانوں کی زندگیوں کا رخ بدل دیا۔ کہیں پوری بستیاں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، کہیں گھروں کی چھتیں زمین بوس ہوئیں، کہیں اسکولوں کی عمارتیں منہدم ہوئیں اور کہیں ہسپتال خود متاثرین کی مدد کے محتاج ہو گئے۔سرکاری و امدادی جائزوں کے مطابق اس سانحے میں 73 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، تقریبا 69 ہزار سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ لاکھوں افراد بے گھر اور متاثر ہوئے۔ تقریبا 30 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ متاثر ہوا اور لاکھوں مکانات کو نقصان پہنچا یا وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں مکانات کے بڑے حصے کو نقصان پہنچا، جبکہ ہزاروں تعلیمی و صحت کے مراکز بھی متاثر ہوئے ۔ یہ اعداد و شمار محض اعداد نہیں بلکہ ان لاکھوں انسانوں کی داستان ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا، اپنے گھر اجڑتے دیکھے اور ایک ہی لمحے میں زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہوگئے ۔ سکولوں کے ملبے تلے دبے خواب 8اکتوبر کے سانحے کا سب سے المناک پہلو بچوں اور تعلیمی اداروں کا متاثر ہونا تھا۔ ایسے کئی مقامات تھے جہاں صبح کے وقت بچے اپنے مستقبل کے خواب آنکھوں میں سجائے اسکول پہنچے تھے، مگر چند لمحوں بعد وہی تعلیمی ادارے ملبے کا ڈھیر بن گئے۔اس سانحے نے پوری قوم کو یہ احساس دلایا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے صرف امدادی صلاحیت کافی نہیں بلکہ محفوظ تعمیرات، عمارتوں کے حفاظتی معیار، اسکول سیفٹی، ہسپتالوں کی تیاری اور عوامی آگاہی بھی ناگزیر ہے۔ زلزلے کی تباہ کاری بے مثال تھی، مگر اس کے مقابلے میں پاکستانی قوم کا جذبہ بھی بے مثال رہا۔ افواجِ پاکستان، سول انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اداروں، ڈاکٹرز، نرسز، رضاکاروں، فلاحی تنظیموں، طلبہ، میڈیا اور عام شہریوں نے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کیا۔ملک کے مختلف حصوں سے امدادی سامان، خوراک، ادویات، خیمے اور دیگر ضروری اشیا متاثرہ علاقوں تک پہنچائی گئیں۔ مشکل پہاڑی راستوں، منقطع مواصلاتی رابطوں اور موسم کی سختیوں کے باوجود امدادی ٹیموں نے متاثرین تک پہنچنے کیلئے دن رات کام کیا۔حکومت نے ہنگامی امداد اور بحالی کے بعد طویل المدتی تعمیر نو کیلئے ادارہ جاتی اقدامات کیے۔ بعد ازاں ایراکے قیام کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں مکانات، سڑکوں، پلوں، اسکولوں، ہسپتالوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و بحالی کا عمل آگے بڑھایا گیا، زلزلے کے بعد آزاد کشمیر کے عوام نے جس عزم، حوصلے اور صبر کا مظاہرہ کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ جن علاقوں میں زندگی کا پہیہ رک گیا تھا وہاں رفتہ رفتہ دوبارہ رونقیں بحال ہوئیں۔ تباہ شدہ مکانات کی جگہ نئے اور نسبتا محفوظ گھر تعمیر ہوئے، اسکول دوبارہ آباد ہوئے، ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و بحالی ہوئی، سڑکوں اور پلوں کا نظام بہتر بنایا گیا اور مواصلاتی رابطے بحال کیے گئے,یہ تعمیرِ نو محض اینٹوں، پتھروں اور سیمنٹ سے عمارتیں کھڑی کرنے کا نام نہیں تھا بلکہ یہ انسان کے حوصلے، امید اور مستقبل پر یقین کی تعمیر نو بھی تھی۔8 اکتوبر ہمیں اپنے پیاروں کی یاد دلاتا ہے، ان خاندانوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے عزیز کھوئے، ان بچوں کی یاد دلاتا ہے جن کے خواب ملبے تلے دفن ہوگئے اور ان ہزاروں خاندانوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی دوبارہ صفر سے شروع کی۔تاہم یہ دن صرف سوگ کا دن نہیں بلکہ قومی استقامت، اتحاد اور عزم کا دن بھی ہے۔ اسی جذبے کو اجاگر کرتے ہوئے 8 اکتوبر کو ملک میں قومی استقامت کے دن کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔ 2025 میں اس سانحے کی 21ویں برسی کے موقع پر بھی حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر نے قوم کے عزم، اتحاد اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔2005 کا زلزلہ ہمیں یہ سبق دے گیا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا، تاہم ان کے نقصانات کو کم ضرور کیا جا سکتا ہے۔ محفوظ تعمیرات، زلزلہ مزاحمت رکھنے والی عمارتیں، مثر ہنگامی منصوبہ بندی، ریسکیو اور سرچ اینڈ ریسکیو کی تربیت، عوامی آگاہی، سکول سیفٹی اور جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام وقت کی اہم ضرورت ہیں, آج ہمیں اس سانحے کو صرف ایک تاریخی واقعہ سمجھ کر بھول نہیں جانا چاہیے بلکہ اس سے حاصل ہونے والے تجربات کو مستقبل کی منصوبہ بندی کا حصہ بنانا چاہیے۔ خصوصا آزاد کشمیر جیسے پہاڑی اور زلزلہ خیز خطے میں ہر نئی تعمیر کو حفاظتی اصولوں کے مطابق یقینی بنانا، سرکاری و نجی عمارتوں کا معائنہ کرنا اور عوام کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دینا ناگزیر ہے۔نوجوان نسل کو تاریخ سے جوڑنے کی ضرورت آج کی نوجوان نسل کا ایک بڑا حصہ 2005 کے زلزلے کی ہولناکیوں کو ذاتی طور پر نہیں دیکھ سکا،اس لیے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں، سرکاری محکموں، میڈیا اور سول سوسائٹی کے ذریعے نوجوانوں کو اس سانحے کی تاریخ، نقصانات اور اس سے حاصل ہونیوالے اسباق سے آگاہ کیا جائے۔سکولوں اور کالجوں میں زلزلہ اور دیگر قدرتی آفات سے بچائو کے حوالے سے عملی مشقیں، آگاہی پروگرام اور تربیتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں نئی نسل گھبراہٹ کے بجائے دانش مندی اور نظم و ضبط کے ساتھ اپنا کردار ادا کرسکے،شہدا کو خراجِ عقیدت، متاثرین سے اظہارِ یکجہتی ،آٹھ اکتوبر کا دن ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جو اس تباہ کن زلزلے میں ہم سے بچھڑ گئے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *