بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 24.6°C
Thursday, 15 October 2026 | پاکستان: 5 جمادی الاول 1448
گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنایا جائے، وزیراعلیٰ امجد حسین

گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنایا جائے، وزیراعلیٰ امجد حسین

Thursday, 15 October, 2026

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین نے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبے کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے کے معاشی استحکام کے لیے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں حصہ دیا جائے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی سربراہی میں تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی کابینہ اور گلگت بلتستان اسمبلی کی جانب سے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبے کا درجہ دینے اور خطے کے معاشی استحکام کے حوالے سے منظور کی گئی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔

 

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام گزشتہ 78 سال سے مسئلہ کشمیر کے باعث آئینی و معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ عوام اور سیاسی جماعتیں قومی دھارے میں مؤثر شمولیت اور معاشی استحکام کے ایجنڈے پر متفق ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے تناظر میں گلگت بلتستان کو کم از کم عبوری آئینی صوبے کا درجہ دیا جائے اور خطے کے معاشی استحکام کے لیے این ایف سی ایوارڈ کے تحت مناسب حصہ فراہم کیا جائے، تاکہ عوام میں پائے جانے والے احساسِ محرومی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی جغرافیائی اور دفاعی اہمیت کے پیش نظر اس خطے کی ترقی اور مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے اور یہاں معاشی سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے گلگت میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کا قیام ناگزیر ہے، لہٰذا بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قیام کو بھی خصوصی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔

 

امجد حسین نے کہا کہ فائبر آپٹک کے علاوہ جدید متبادل ذرائع متعارف کرانے کی تجاویز بھی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل کی جائیں، تاکہ خطے میں ڈیجیٹل رابطوں کو بہتر بنایا جا سکے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے، گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور خطے کو درپیش معاشی مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم پاکستان کو ایک خصوصی اسٹیبلائزیشن پیکیج فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پاکستانی سیاحت

 

انہوں نے کہا کہ اس پیکیج کو خصوصی کمیٹی کی حتمی سفارشات میں شامل کرکے وزیراعظم پاکستان کو پیش کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی عمل تیز کرنے اور معاشی استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *